7 اپریل، 2026، 11:52 AM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

آبنائے ہرمز: عالمی توانائی اور طاقت کی سیاست پر اثر انداز ہونے والا مستقل عنصر

آبنائے ہرمز: عالمی توانائی اور طاقت کی سیاست پر اثر انداز ہونے والا مستقل عنصر

ایران آبنائے ہرمز کو محض تیل کی گزرگاہ کے بجائے اقتصادی اور اسٹریٹجک اثر و رسوخ کے وسیلے میں تبدیل کر رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: ایران پر امریکہ اور صہیونی حکومت کی جارحیت کے بعد ایران نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے دنیا کو تیل کی سپلائی میں اہم کردار ادا کرنے والی آبنائے ہرمز کو بند کردیا ہے۔ ایران کے اس اقدام کے بعد دنیا میں تیل کا بحران اور قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران آبنائے ہرمز کو صرف تیل بردار جہازوں کی گزرگاہ کے طور پر نہیں بلکہ ایک مستقل اقتصادی اور تزویراتی طاقت کے لیور کے طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ یہ اہم سمندری راستہ طویل عرصے سے عالمی توانائی کی ترسیل کی شہ رگ سمجھا جاتا ہے، تاہم اب اس کی اہمیت ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ دنیا کے جغرافیائی اہمیت رکھنے والے سمندری راستوں میں آبنائے ہرمز کو منفرد مقام حاصل ہے کیونکہ اس کی اہمیت بیک وقت اقتصادی، سیکیورٹی اور علامتی پہلوؤں پر مشتمل ہے۔ اسی وجہ سے یہ راستہ خطے اور عالمی سیاست دونوں میں مرکزی کردار ادا کرتا رہا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈروں نے حالیہ بیانات میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اب کبھی اپنی سابقہ حالت میں واپس نہیں آئے گی۔ یہ بیان ایران کے اس نئے نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے جس میں اس اہم گزرگاہ کو محض ایک راستے کے بجائے طاقت کے مستقل ڈھانچے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ برسوں کے سیکیورٹی تجربات، میدان میں ہونے والی پیش رفت اور ریاستی سطح پر کیے گئے فیصلوں نے ایران کی حکمت عملی کو تبدیل کیا ہے۔ اسی تناظر میں آبنائے ہرمز اب صرف ایک تجارتی راستہ نہیں بلکہ خطے اور عالمی سیاست میں اثر انداز ہونے کا ایک اہم تزویراتی ذریعہ بنتی جا رہی ہے۔

آبنائے ہرمز کے انتظام میں ایران کی نئی حکمت عملی

آبنائے ہرمز کے بارے میں ایران کی حکمت عملی میں تبدیلی کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ریاستی سطح پر جاری مختلف منصوبوں پر نظر ڈالی جائے۔ ایرانی پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ایک منصوبے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام کے بارے میں روایتی سوچ، جو زیادہ تر جہاز رانی کی سلامتی تک محدود تھی، اب بدل رہی ہے۔ اس کی جگہ ایک فعال اور کثیر پہلو ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے جس میں اقتصادی، ماحولیاتی اور ترقیاتی پہلو بھی شامل ہیں۔ یعنی ایران اپنی جغرافیائی حیثیت کو صرف بحرانوں سے نمٹنے کے لیے نہیں بلکہ پائیدار طاقت اور اثر و رسوخ پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

اس منصوبے میں چند اہم نکات نمایاں ہیں۔ سب سے پہلے جہاز رانی کی سیکورٹی کا مسئلہ اب بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے، لیکن اس کا انداز مختلف ہوگا۔ ایران صرف سکیورٹی فراہم کرنے والا غیر فعال کردار ادا کرنے کے بجائے اب ٹرانزٹ کے قواعد و ضوابط طے کرنے والا مرکزی فریق بننا چاہتا ہے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب خلیج فارس کا خطہ وقفے وقفے سے عدم استحکام کا شکار رہتا ہے، یہ تبدیلی علاقائی اور بین الاقوامی قوتوں کے لیے دور رس اثرات رکھ سکتی ہے۔

آبنائے ہرمز کو معاشی طاقت میں بدلنے کا ایرانی منصوبہ

اس نئی حکمت عملی کا دوسرا اہم پہلو اس کے معاشی اثرات سے متعلق ہے۔ آلودگی پھیلانے والے جہازوں سے ماحولیاتی فیس وصول کرنا، بحری رہنمائی اور دیگر خدمات کے لیے چارجز لینا، اور ان آمدنیوں کے انتظام کے لیے مالی نظام تیار کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک منظم آمدنی کے ذریعے میں تبدیل ہورہی ہے۔ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ جغرافیائی معیشت کے ایک نئے ماڈل کی مثال بن سکتا ہے، جس میں جغرافیائی حیثیت کو براہ راست آمدنی اور اثر و رسوخ میں بدلا جاتا ہے۔

اس منصوبے کا ایک اہم حصہ علاقائی ترقیاتی فنڈ کے قیام سے متعلق ہے۔ اگر یہ فنڈ قائم ہوجاتا ہے تو آبنائے ہرمز کے انتظام سے حاصل ہونے والے وسائل کو تقسیم کرنے اور خاص طور پر ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس اقدام کی اہمیت دو پہلوؤں سے ہے: پہلی یہ کہ اس سے سکیورٹی اور ترقی کے درمیان تعلق مضبوط ہوگا، اور دوسری یہ کہ نئی پالیسیوں کو ملک کے اندر معاشی بنیاد اور قبولیت حاصل ہوسکے گی۔

آبنائے ہرمز: ایران کی اسٹریٹجک طاقت کی نئی علامت

اس تبدیلی کا شاید سب سے اہم پہلو اس کا علامتی اور تزویراتی رخ ہے۔ ماضی میں آبنائے ہرمز کو سکیورٹی مباحث میں ہمیشہ ایک دباؤ کے ہتھیار کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، یعنی ایسا ذریعہ جو کسی بھی تنازع کی صورت میں عالمی توانائی بحران پیدا کرسکتا تھا۔ تاہم اب جو تبدیلی سامنے آرہی ہے وہ اس سوچ کو دھمکی سے انتظام کی طرف منتقل کررہی ہے۔ دوسرے الفاظ میں ایران اس اسٹریٹجک لیور کو عارضی ہتھیار کے بجائے ایک مستقل اور قابل کنٹرول طاقت کے آلے میں تبدیل کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

مغربی میڈیا نے آبنائے ہرمز کو ایران کا اسٹریٹجک ہتھیار قرار دیا ہے۔ یہ تشریح اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عالمی سطح پر اس اہم گزرگاہ کی اہمیت کو پہلے سے زیادہ واضح طور پر محسوس کیا جارہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایسی دنیا میں جہاں توانائی پر انحصار بین الاقوامی سیاست کے اہم ترین عوامل میں شامل ہے، کسی اہم بحری گزرگاہ پر مؤثر کنٹرول بعض اوقات سخت فوجی طاقت کے برابر یا اس سے بھی زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

اس تناظر میں ایک اور اہم نکتہ بھی قابلِ توجہ ہے کہ آبنائے ہرمز کی یہ نئی تعریف دراصل ایران کی وسیع تر علاقائی پالیسی کا حصہ ہے۔ اس پالیسی کا مقصد تزویراتی گہرائی کو مضبوط بنانا، اقتصادی استحکام بڑھانا اور بیرونی دباؤ کے مقابلے میں کمزوریاں کم کرنا ہے۔ توانائی، تجارت، سکیورٹی اور سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں جاری یہی حکمت عملی آبنائے ہرمز کو ان پالیسیوں کے اہم ترین مرکزوں میں سے ایک بنارہی ہے۔

آبنائے ہرمز کا نیا تزویراتی کردار

یہ بات واضح دکھائی دیتی ہے کہ جو عمل شروع ہو چکا ہے اسے آسانی سے واپس نہیں موڑا جاسکتا۔ زمینی حالات میں تبدیلی، خطرات کے بارے میں نئے انداز فکر اور جغرافیائی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ایسے عوامل ہیں جو اس عمل کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ ان حالات میں آبنائے ہرمز اب محض نقشے پر ایک مقام نہیں رہی بلکہ ایک بدلتے ہوئے تصور کی شکل اختیار کرچکی ہے، جو آنے والے برسوں میں خطے کے نئے سیاسی و تزویراتی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

آج آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہورہا ہے وہ دراصل موجودہ دنیا میں طاقت کے تصور میں آنے والی بڑی تبدیلی کی مثال ہے۔ اس نئی سوچ کے تحت ممالک اپنی قدرتی اور جغرافیائی خصوصیات کو اثر و رسوخ بڑھانے اور کمزوریوں کو کم کرنے کے اوزار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران بھی اس اہم بحری گزرگاہ میں اپنے کردار کی نئی تعریف کے ذریعے اسی حکمت عملی کو آزما رہا ہے۔ یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ آبنائے ہرمز اب وہ نہیں رہی جو گزشتہ دہائیوں میں دنیا جانتی تھی۔ ایک نیا عمل شروع ہوچکا ہے اور بظاہر اس تبدیلی ممکن نہیں۔

آبنائے ہرمز کی اس تزویراتی ازسر نو تعریف کو حالیہ تبدیلیوں خصوصا ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کے تناظر میں سمجھنا ضروری ہے۔ بنیادی ڈھانچے پر حملے، اہم مراکز کو دھمکیاں اور تنازع کے دائرے کو پھیلانے کی کوششوں نے اس تاثر کو مزید مضبوط کیا ہے کہ پرانا توازن اور سابقہ حکمت عملی اب مؤثر نہیں رہی۔ ان حالات میں آبنائے ہرمز کے بارے میں نقطۂ نظر میں تبدیلی ایک تزویراتی ضرورت بن گئی ہے۔

حاصل سخن

امریکہ اور صہیونی حکومت کی جارحیت اور دیگر حالیہ واقعات کے بعد ایران اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ فوجی، معاشی اور نفسیاتی عناصر کے امتزاج پر مشتمل دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے اسے اپنی جغرافیائی اور جیوپولیٹیکل پوزیشن سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ اسی تناظر میں آبنائے ہرمز کو خاص اہمیت حاصل ہوگئی ہے، کیونکہ یہ ان چند ذرائع میں سے ایک ہے جو بیک وقت توانائی کی سلامتی، عالمی تجارت اور بڑی طاقتوں کے اسٹریٹجک اصولوں کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

درحقیقت اگر ماضی میں اس آبنائے کو زیادہ تر بحران کے وقت ایک deterrent ہتھیار کے طور پر دیکھا جاتا تھا، تو آج یہ ایران کے ردعمل کے نظریے کا ایک مستقل جزو بنتی جا رہی ہے۔ دوسرے الفاظ میں تہران یہ پیغام دے رہا ہے کہ ایران میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش عالمی معیشت کی ایک نہایت اہم شہہ رگ میں کھیل کے قواعد کو ازسرنو متعین کرسکتی ہے۔ یہی وہ نکتہ ہے جو آبنائے ہرمز کو محض ایک جغرافیائی راستے سے بڑھا کر طاقت کے توازن میں ایک اسٹریٹجک آلے میں تبدیل کردیتا ہے۔

News ID 1938783

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha