مہر خبررساں ایجنسی، سائنس و ٹیکنالوجی ڈیسک: خلائی ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت نے مصنوعی سیاروں کی حیثیت بدل دی ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے فوجی مواصلات، رہنمائی، جاسوسی اور میزائل حملوں سے پیشگی خبردار کرنے کے لیے استعمال ہونے والے مصنوعی سیارے اب ایسے متحرک نظام میں تبدیل ہو رہے ہیں جو مدار میں اپنی جگہ تبدیل کرکے دوسرے سیاروں کے قریب پہنچ سکتے ہیں، ان کا تعاقب کرسکتے ہیں اور ان کے کام میں خلل ڈال سکتے ہیں۔
امریکہ اور چین کے درمیان خلائی مقابلہ اب اسی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ مداری اعداد و شمار، پیٹنٹ، تحقیقی مقالوں اور فوجی حکام کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی ٹیکنالوجیز تیزی سے تیار کی جارہی ہیں جنہوں نے مصنوعی سیارے، معاون نظام اور خلائی ہتھیار کے درمیان فرق بہت کم کردیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس تبدیلی کی تازہ مثال جون 2026 میں سامنے آئی، جب چین کے ایک خفیہ بغیر پائلٹ خلائی طیارے نے زمین سے سیکڑوں کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں ایک چھوٹی چیز چھوڑی۔ امریکی کمپنی ’’لیو لیبز‘‘ کے مطابق اس چیز نے علیحدہ ہونے کے بعد ایک دوسرے چینی مصنوعی سیارے کے گرد چکر لگایا اور پھر دوبارہ خلائی طیارے کی جانب واپس آگئی۔
اس مشن کا اصل مقصد ابھی ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم اس کے مداری انداز نے فوجی ماہرین کی توجہ حاصل کی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی صلاحیتیں مصنوعی سیاروں کے قریب جاکر ان کا معائنہ کرنے، ایندھن فراہم کرنے اور فوجی حالات میں دشمن کے خلائی جہاز کا تعاقب یا اسے ناکارہ بنانے کے لیے استعمال ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب امریکا کے پاس بھی ایک خفیہ بغیر پائلٹ خلائی طیارہ موجود ہے۔ امریکی خلائی فوج کے مطابق اس کا مقصد مختلف تجربات اور آزمائشیں کرنا ہے۔
مصنوعی سیارے معاون نظام سے جنگی ہتھیار تک
جدید جنگ میں خلا کی اہمیت اس وقت مزید واضح ہوتی ہے جب فوجی کارروائیوں میں اس پر بڑھتے ہوئے انحصار کو دیکھا جائے۔ محفوظ مواصلات، درست ہتھیاروں کی رہنمائی، اہداف کی شناخت، میزائل حملوں سے پیشگی خبردار کرنے اور فضائی دفاع سمیت متعدد فوجی صلاحیتیں خلائی نظام پر منحصر ہیں۔
یوکرین کی جنگ اور خلیج فارس کے حالیہ فوجی تنازعات نے بھی اس انحصار کی اہمیت واضح کی ہے۔ اس لیے دشمن کے خلائی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر زمینی فوجوں پر براہِ راست حملہ کیے بغیر اس کی جنگی صلاحیت کو شدید متاثر کیا جاسکتا ہے۔
امریکی فضائی جنگی کالج کے سابق استاد اور خلائی جنگ کے ماہر ایورٹ ڈولمین نے رائٹرز سے گفتگو میں خبردار کیا کہ امریکا کی خلائی صلاحیتوں میں بڑے پیمانے پر خلل پڑنے سے زمین پر موجود اس کی وسیع فوجی طاقت بھی شدید متاثر ہوسکتی ہے، جس میں نگرانی، جاسوسی اور میزائل دفاع شامل ہیں۔ یہی انحصار مصنوعی سیاروں کو بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ کے ابتدائی مرحلے میں ممکنہ اہداف میں تبدیل کررہا ہے۔
چین کا تیزی سے بڑھتا خلائی نیٹ ورک
امریکی محکمہ دفاع کی سالانہ رپورٹ کے مطابق چین گزشتہ چند برسوں میں اپنے خلائی ڈھانچے کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیجنگ نے 2024 میں اطلاعاتی، شناسائی اور نگرانی کی صلاحیت رکھنے والے 67 مصنوعی سیارے مدار میں بھیجے، جس کے بعد اس نوعیت کے چینی مصنوعی سیاروں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی۔
پینٹاگون کے مطابق اس نیٹ ورک کی توسیع سے چین کو بحرالکاہل میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے فوجی اثاثوں کی نگرانی اور طویل فاصلے سے اہداف کی نشاندہی سے لے کر انہیں نشانہ بنانے تک کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
جنگ کا دائرہ زمین کے مدار تک پھیلنے کا خدشہ
خلائی مقابلے کا ایک حساس پہلو ایسے مصنوعی سیارے ہیں جو اپنا مدار تبدیل کرکے دوسرے سیاروں کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔ امریکا، چین اور روس کے پاس ایسے خلائی جہاز موجود ہیں جو اپنی مداری پوزیشن تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مدار میں کسی دوسرے خلائی جہاز کے قریب جانے کی ٹیکنالوجی عام حالات میں مصنوعی سیاروں کے معائنے، مرمت اور ایندھن کی فراہمی جیسے پرامن مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوسکتی ہے، لیکن جنگ کی صورت میں یہی صلاحیت دشمن کے مصنوعی سیارے تک پہنچنے، اس کے نظام میں خلل ڈالنے یا اسے نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔
امریکی حکام نے چین کے بعض مصنوعی سیاروں کی باہمی مشقوں کو ’’ڈاگ فائٹنگ‘‘ یعنی مدار میں قریبی مقابلے سے تعبیر کیا ہے۔ چین اس سے پہلے ایک ناکارہ مصنوعی سیارے کو پکڑ کر دوسرے مدار میں منتقل کرنے کی صلاحیت بھی دکھا چکا ہے۔
اس کے علاوہ چینی جامعات اور دفاعی اداروں سے وابستہ محققین ایسے مصنوعی سیاروں پر بھی کام کررہے ہیں جو دوسرے خلائی جہازوں کا تعاقب کرسکیں۔ بعض منصوبوں میں ایک سے زیادہ خلائی جہازوں کے ذریعے جال استعمال کرکے کسی مداری ہدف کو قابو کرنے کے تصورات بھی شامل ہیں۔
خلا میں ایندھن کی فراہمی نئی جنگی صلاحیت بن سکتی ہے
خلائی جنگ میں ایک اور اہم مسئلہ ایندھن کا ہے۔ عام طور پر کسی مصنوعی سیارے کی عملی عمر اور مدار تبدیل کرنے کی صلاحیت اس ایندھن تک محدود ہوتی ہے جو اسے زمین سے روانگی کے وقت فراہم کیا جاتا ہے۔
چین نے گزشتہ سال ایک ایسی کارروائی کی تھی جسے امریکی خلائی فوج کے ایک عہدیدار نے ممکنہ طور پر مدار میں ایندھن فراہم کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔
اگر خلا میں قابلِ اعتماد طریقے سے دوبارہ ایندھن بھرنے کی صلاحیت حاصل ہوگئی تو مداری تعاقب اور بچاؤ کے موجودہ اصول تبدیل ہوسکتے ہیں۔ ایندھن دوبارہ حاصل کرنے والا مصنوعی سیارہ زیادہ عرصے تک فعال رہ سکتا ہے، اپنا مدار تبدیل کرسکتا ہے اور کسی ہدف کا تعاقب یا تعاقب سے بچنے کی کوشش کرسکتا ہے۔
فوجی ماہرین کے مطابق مستقبل کی خلائی لڑائی میں یہی صلاحیت طے کرسکتی ہے کہ کون سا خلائی جہاز ’’شکاری‘‘ رہے گا اور کون سا ’’شکار‘‘ بن جائے گا۔
امریکہ اتحادیوں کے ساتھ خلائی محاذ مضبوط کررہا ہے
واشنگٹن نے اپنی حکمت عملی میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اتحادی ممالک کو بھی شامل کیا ہے۔ امریکا اور برطانیہ نے ستمبر 2025 میں خلا میں اپنی پہلی مشترکہ فوجی کارروائی کی۔
اس مشن کے دوران امریکی فوج نے کولوراڈو کے ایک اڈے سے ایک امریکی فوجی مصنوعی سیارے کو برطانوی مصنوعی سیارے کے قریب پہنچایا۔ کمپنی ’’سلنگ شاٹ ایرو اسپیس‘‘ کے مطابق چینی مصنوعی سیارہ ’’شی یان 12-01‘‘ اس کارروائی کے دوران دونوں سے تقریباً 83 کلومیٹر کے فاصلے سے گزرا۔
کئی خلائی جنگی ماہرین نے اس سرگرمی کو چین کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا ہے کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے خلائی اثاثوں کے تحفظ کو صرف معلومات کے تبادلے تک محدود نہیں رکھنا چاہتا بلکہ ضرورت پڑنے پر مدار میں مشترکہ کارروائی بھی کرسکتا ہے۔
امریکی خلائی کمان بھی اتحادی ممالک کے ساتھ تعاون کو اپنی خلائی طاقت کی اہم بنیاد قرار دیتی ہے اور 2026 میں کثیر ملکی تعاون کے تحت مشترکہ مداری کارروائیوں کے انعقاد کا اعلان کرچکی ہے۔
زمین سے مدار تک پھیلا ہوا خلائی ہتھیاروں کا نظام
خلائی ہتھیاروں کی دوڑ صرف مدار میں موجود مصنوعی سیاروں تک محدود نہیں ہے۔ زمین سے چلنے والے لیزر جو مصنوعی سیاروں کے سینسرز میں خلل ڈال سکتے ہیں، برقی جنگ کے نظام، سائبر حملے، مصنوعی سیاروں کو تباہ کرنے والے میزائل اور مدار میں حرکت کرنے والے خلائی جہاز، سب اس مقابلے کا حصہ بنتے جارہے ہیں۔
مثال کے طور پر امریکی خلائی فوج نے جون 2026 میں ایل تھری ہیرس کمپنی کا تیار کردہ ایک زمینی برقی مقناطیسی نظام اپنی فوجی صلاحیتوں میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ اس نظام کا مقصد دشمن کے مصنوعی سیاروں کے مواصلاتی رابطوں میں خلل ڈالنا یا انہیں ناکارہ بنانا ہے۔
امریکی خلائی کمان کے سربراہ اسٹیون وائٹنگ نے بھی اس تبدیلی کو ایک واضح جنگی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق امریکی خلائی نظام میں اپنے اثاثوں کے تحفظ، دشمن کی کارروائیوں میں خلل ڈالنے اور جنگ کی صورت میں خلائی خطرات کو شکست دینے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔
زمین کا مدار بڑی طاقتوں کے درمیان مقابلے کا نیا میدان
مدار میں ہونے والی موجودہ سرگرمیاں صرف مصنوعی سیاروں کی تعداد بڑھانے کی دوڑ نہیں رہیں بلکہ اب یہ براہِ راست فوجی طاقت کے مقابلے میں تبدیل ہورہی ہیں۔
مستقبل میں برتری اس ملک کو حاصل ہوسکتی ہے جو اپنے خلائی اثاثوں کو زیادہ محفوظ اور منتشر رکھ سکے، مصنوعی سیاروں کو حرکت دے سکے، انہیں مدار میں دوبارہ ایندھن فراہم کرسکے، دشمن کی مداری سرگرمیوں پر نظر رکھ سکے اور ضرورت پڑنے پر اسے خلائی خدمات سے محروم کرسکے۔
مدار میں ہزاروں تجارتی مصنوعی سیاروں کی موجودگی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اسٹارلنک جیسے منصوبوں، چین کے مقابل منظوموں اور امریکا کے ’’گولڈن ڈوم‘‘ میزائل دفاعی منصوبے کے باعث تجارتی بنیادی ڈھانچے، تزویراتی اثاثوں اور فوجی صلاحیتوں کے درمیان فرق بتدریج کم ہورہا ہے۔
اس صورت حال میں کسی مصنوعی سیارے کے مشکوک رویے کو دشمنانہ کارروائی قرار دینا اور اس کے اصل مقصد کا تعین کرنا بھی زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔
خلائی جنگ کا آغاز روایتی انداز میں نہیں ہوگا
ماہرین کے مطابق مستقبل کی خلائی جنگ ضروری نہیں کہ کسی مصنوعی سیارے کے دھماکے سے شروع ہو۔ اس کے ابتدائی مراحل کہیں زیادہ مبہم ہوسکتے ہیں، جن میں کسی خلائی جہاز کا اچانک قریب آنا، مدار میں غیر متوقع تبدیلی، مواصلاتی نظام میں خلل، مصنوعی سیارے کے سینسرز کو عارضی طور پر ناکارہ بنانا، زمینی نظام پر سائبر حملہ یا کسی مصنوعی سیارے کا مسلسل تعاقب شامل ہوسکتا ہے۔
دوسری طرف دوہرے استعمال والی ٹیکنالوجیز نے عام خلائی سرگرمی اور دشمنانہ کارروائی کے درمیان فرق بھی کم کردیا ہے۔ امریکا اور چین اب اسی غیر یقینی اور پیچیدہ ماحول کے لیے خود کو تیار کررہے ہیں۔ اصل مقابلہ اس بات پر ہے کہ کون اپنے خلائی اثاثوں کو بہتر انداز میں دیکھ، حرکت دے، مدار تبدیل کرسکے، زیادہ دیر تک فعال رکھ سکے اور ضرورت پڑنے پر مخالف کو خلائی برتری سے محروم کرسکے۔
یوں زمین کا مدار 21ویں صدی میں بڑی طاقتوں کے درمیان فوجی مقابلے کے اہم ترین میدانوں میں شامل ہوگیا ہے، جہاں حاصل ہونے والی برتری ہزاروں کلومیٹر نیچے زمین اور سمندر میں لڑی جانے والی جنگ کے نتیجے پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔
آپ کا تبصرہ