18 فروری، 2026، 2:08 PM

ایرانی اور سوئس وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات، جنیوا مذاکرات پر گفتگو

ایرانی اور سوئس وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات، جنیوا مذاکرات پر گفتگو

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سوئس ہم منصب سے ملاقات میں مذاکرات کو سنجیدہ اور بامقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین رہنما اصولوں کے ایک عمومی فریم ورک پر متفق ہوچکے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بالواسطہ جوہری مذاکرات کے دوسرے دور کے اختتام پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ اگنازیو کاسیس سے جنیوا میں اہم ملاقات کی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عراقچی نے مذاکرات کی میزبانی اور انتظامات پر سوئس حکومت کا شکریہ ادا کیا اور گذشتہ دو روز میں ہونے والی بات چیت کو انتہائی سنجیدہ قرار دیا اور کہا کہ فریقین بعض بنیادی رہنما اصولوں پر عمومی مفاہمت تک پہنچ چکے ہیں۔ ان اصولوں کی بنیاد پر آئندہ نشستوں میں پابندیوں کے خاتمے اور جوہری امور سے متعلق تفصیلی شقوں کا مسودہ تیار کیا جائے گا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورت حال اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم پر گفتگو ہوئی۔

عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ تمام حکومتیں اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون میں درج اصولوں کی پاسداری کریں، اور عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کو معمول بنانے کے خطرناک نتائج سے خبردار کیا۔

دوسری جانب کاسیس نے جنیوا میں ایران۔امریکہ بالواسطہ مذاکرات کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ ہر اس سفارتی عمل میں تعاون کے لیے تیار ہے جو ایرانی جوہری مسئلے کا باہمی طور پر قابل قبول حل نکالنے اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کا باعث بنے۔

News ID 1938122

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha