مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے نائب کمانڈر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم حضرت امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی قیادت میں روز بروز مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے اور امریکی و صہیونی دشمن اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ وہ تہران میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے امام حسینؑ اور حضرت عباسؑ کی ولادت اور یوم پاسدار کی مناسبت سے قوم اور پاسداران کو مبارکباد دی۔
سردار وحیدی نے کہا کہ سپاہ پاسداران کا قیام اسی لیے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ اسلامی انقلاب، قومی وقار، ملکی خودمختاری، عوامی حاکمیت اور اسلامی اقدار کو دشمن کی سازشوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سپاہ کی بنیاد جدوجہد اور قربانی پر رکھی گئی اور پاسدار ہر محاذ پر دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے، خواہ اس کے لیے جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب کے ابتدائی دنوں میں علیحدگی پسند عناصر، دہشت گرد گروہوں اور بیرونی حمایت یافتہ نیٹ ورکس نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی، مگر سپاہ اور دیگر سکیورٹی اداروں نے انہیں ناکام بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ امریکی۔صہیونی فتنہ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا، جس میں تشدد، جلاؤ گھیراؤ، مساجد پر حملے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم قوم اور سکیورٹی فورسز نے صرف دو دن میں دشمن کے منصوبے خاک میں ملا دیے۔
سردار وحیدی نے 12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی نظام جدید ترین ٹیکنالوجی، ہتھیاروں اور سیٹلائٹس کے باوجود اپنے مقاصد میں ناکام رہا اور پہلی بار جنگ بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہوا۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ طاقت ایرانی قوم کے اتحاد، مضبوط قیادت اور مسلح افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور آخر میں کہا کہ دشمن کی دھمکیاں قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتیں کیونکہ انقلاب، عوام اور قیادت پوری استقامت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ