مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریش نے اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد میں مدد فراہم کرے گی اور غزہ میں انسانی امداد اور تعمیر نو کے کاموں کو وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہوں، جو صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر مبنی ہے۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی شرائط پر مکمل طور پر عمل کریں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی حمایت کرے گا، اور غزہ میں مسلسل، اصولی اور مؤثر انسانی امداد کی فراہمی کو بڑھایا جائے گا۔ ہم تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات کو بھی آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ایک قابل اعتبار سیاسی راستہ اختیار کریں تاکہ اسرائیلی اور فلسطینی عوام امن و سلامتی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
آپ کا تبصرہ