مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی لبنان کے دورے پر
بیروت پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان ایک زندہ، مستحکم اور پائیدار تنظیم ہے جو اسلام کے لیے باعث عزت و افتخار ہے۔
علی لاریجانی نے بیروت میں شہید سید حسن نصراللہ کی قبر پر حاضری کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید نصراللہ نے حزب اللہ کی بنیاد کو جس خلوص اور اسلامی فکر کے ساتھ مضبوط کیا، وہ آج بھی ایک مستند اور قابل تقلید مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید نصراللہ نہ صرف ایک عظیم مجاہد تھے بلکہ ایک حقیقی اسلامی مفکر بھی تھے۔ ان سے میری ملاقات شام اور لبنان کی سرحد کے قریب ہوئی، جہاں ان کی باتوں سے اندازہ ہوا کہ وہ ایک خدا شناس اور مخلص انسان تھے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ حزب اللہ کی موجودہ قوت، شہید نصراللہ کے اخلاص اور بصیرت کا نتیجہ ہے۔ وہ دنیا سے چلے گئے لیکن ان کے تربیت یافتہ افراد آج بھی اس تنظیم کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے حزب اللہ کے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تم مؤثر ہو۔ اگر تم بے اثر ہوتے تو تمہیں کوئی اہمیت نہ دیتا۔ حزب اللہ کا راستہ روشن ہے اور آپ لوگ کامیاب ہیں۔ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
لاریجانی نے کہا کہ ایران، کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، لیکن وہ ہمیشہ مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
آپ کا تبصرہ