مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس سال اس پروگرام کا مرکزی نعرہ ’’امت احمد آپ کے خون کا بدلہ لینے جمع ہے‘‘ رکھا گیا ہے، جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، قومی یکجہتی اور دشمنوں کے مقابلے میں استقامت پر زور دیا گیا ہے۔
حجت الاسلام حاجی اسماعیلی نے کہا کہ ان پروگراموں کے لیے قرآنِ کریم کی آیت ’’محمد رسول اللہ والذین معه اشداء علی الکفار رحماء بینهم‘‘ کو مرکزی محور قرار دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق، اس موقع پر ملک بھر میں عوامی جشن، ثقافتی و فکری اسٹالز، فنونِ لطیفہ کے پروگرام، میڈیا سرگرمیاں اور ایران کی قومی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والے پروگرام منعقد ہوں گے۔
اس موقع پر نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی سیرت و طرزِ زندگی پر مبنی تحریری اور صوتی مواد بھی عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔
ایران کے 31 صوبوں میں منعقد ہونے والے ان پروگراموں کا ایک اہم مقصد مختلف قوموں اور اسلامی مذاہب کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانا ہے۔ خاص طور پر سیستان و بلوچستان، ہرمزگان اور کردستان جیسے شیعہ و سنی آبادی والے صوبوں میں مشترکہ پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
زاہدان میں شیعہ و سنی عوام کی شرکت سے قرآنی پروگرام، ہرمزگان میں مزاحمت اور وطن کے دفاع کے موضوع پر عوامی جشن، جبکہ تہران میں میدانِ ہفتِ تیر سے میدانِ ولی عصر تک بڑا ’’امتِ احمد‘‘ اجتماع منعقد ہوگا۔
اس کے علاوہ 16 صوبوں میں 100 سے زائد اسٹریٹ اور اسٹیج ڈرامے پیش کیے جائیں گے، طلبہ کے لیے بین الاقوامی ’’خطِ مہربانی‘‘ مہم چلائی جائے گی اور نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی سیرت کے موضوع پر صوتی و تصویری پروگرام، نغمے، منقبت اور پوسٹرز تیار کیے جائیں گے۔
منتظمین کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد ہفتۂ وحدت میں عوامی جوش و جذبے کے ساتھ ساتھ قومی اتحاد، اسلامی وحدت اور امتِ مسلمہ کے مشترکہ پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
آپ کا تبصرہ