29 نومبر، 2026، 10:29 AM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

طفل کش کی اقتدار بچانے کی نئی چال؟ غاصب حکومت کی تجویز پر غاصب صیہونی عناصر آمنے سامنے

طفل کش کی اقتدار بچانے کی نئی چال؟ غاصب حکومت کی تجویز پر غاصب صیہونی عناصر آمنے سامنے

نیتن یاہو کی طرف سے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے اور وزارتِ عظمیٰ کی پہلی مدت گادی آئزنکوٹ کو دینے کی پیشکش کے بعد اسرائیلی حزبِ اختلاف کے رہنماؤں اور بعض سیاسی عناصر نے مختلف ردعمل ظاہر کیے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غاصب اسرائیل کی یشار تنظیم کے سربراہ اور مقبوضہ علاقوں میں نئی حکومت تشکیل دینے کے ذمہ دار گادی آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی جانب سے باری باری وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے نظام پر رضامندی کے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر لیکوڈ پارٹی حقیقی اتحاد کے لیے تیار ہے تو وہ آنے والے دنوں میں اس کی سنجیدگی کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر لیکوڈ پارٹی اتحاد کے معاملے میں مخلص ہے تو وہ نیتن یاہو کو دعوت دیتے ہیں کہ آج ہی براہِ راست مذاکرات شروع کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نیتن یاہو اور اس کی ٹیم کو دعوت دیتا ہوں کہ آج رات اس تجویز کی بنیاد پر سنجیدہ مذاکرات کریں، جس کا انہوں نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

آئزنکوٹ نے مزید بتایا کہ انہوں نے گزشتہ اتوار نیتن یاہو کو ایک تفصیلی تجویز بھیجی تھی، جس میں قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل سے متعلق بنیادی مسائل شامل تھے، لیکن نیتن یاہو نے اب تک اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب، اسرائیلی پارلیمنٹ میں ڈیموکریٹس پارٹی کے سربراہ اور نیتن یاہو کے ایک اور مخالف یائیر گولان نے کہا کہ اب بہت ہو چکا، نیتن یاہو کو اپنی چالبازیوں اور دھوکہ دہی کے طریقوں کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ووٹروں کی مرضی کا احترام کریں اور تبدیلی و نجات کی حکومت تشکیل دیں۔

غاصب اسرائیل کے سابق وزیر اعظم اور حزبِ اختلاف کے رہنما یائیر لاپید نے بھی نیتن یاہو کی تجویز کو ’’ایک ایسے شخص کی کھلی دھوکہ دہی قرار دیا جو اپنے تمام اتحادیوں کو فریب دینے اور تمام معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے کا تجربہ رکھتا ہے۔

مشترکہ فہرست کے سربراہ یوسف جبارین نے بھی کہا کہ نیتن یاہو نئی حکومت میں تبدیلی کو روکنے کے لیے ایک بار پھر اپنے جھوٹ کو دہرا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے ووٹروں کی اکثریت اپنا فیصلہ کر چکی ہے اور اس خونریز اور غیر قانونی حکومت کی جگہ نئی حکومت قائم ہونی چاہیے۔

دوسری جانب، ’’باہم‘‘ پارٹی کے سربراہ نفتالی بینیٹ نے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کے لیے نیتن یاہو کی آمادگی کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ نیتن یاہو نے آئزنکوٹ کی سربراہی میں پہلے دور کے لیے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے پر آمادگی ظاہر کرکے درست فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایسی حکومت ہوگی جو فوجی خدمت کی حمایت کرنے والی جماعتوں کے اتحاد پر مبنی ہوگی۔

بینیٹ نے مزید کہا کہ ایسی حکومت کی بنیادی تشکیل ان جماعتوں پر مشتمل ہوگی جو صہیونی عوام کے اس طبقے کی نمائندگی کرتی ہیں جو فوج میں خدمات انجام دیتا ہے۔

بینیٹ کی جماعت ’’باہم‘‘ کے ایک اور رکن نوعام تی بون نے بھی ایک تاریخی ہفتے کے آغاز پر دو نکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ ہم کسی دھوکے باز کے ساتھ کوئی معاملہ نہیں کریں گے۔ دوسری بات یہ کہ ہم نے سوگوار خاندانوں سے سات اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک باضابطہ تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کا وعدہ کیا ہے اور ہم اس وعدے کو پورا کریں گے۔

News ID 1943201

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha