29 نومبر، 2026، 6:07 PM

نیتن یاہو کا اقتدار میں مزید تین ماہ رہنا بھی تباہ کن ہوگا، صیہونی جنرل

نیتن یاہو کا اقتدار میں مزید تین ماہ رہنا بھی تباہ کن ہوگا، صیہونی جنرل

غاصب صیہونی فوج کے ریٹائرڈ جنرل اسحاق بریک نے خبردار کیا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو کا وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر مزید تین ماہ برقرار رہنا مشرقِ وسطیٰ میں وسیع جنگ، اسرائیل کے اندرونی بحرانوں میں شدت اور عالمی سطح پر اس کی تنہائی کا سبب بن سکتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسحاق بریک نے عبرانی اخبار ’’معاریو‘‘ میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ نیتن یاہو قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے اور وزارتِ عظمیٰ کا منصب مرحلہ وار گادی آئزنکوٹ کے حوالے کرنے کی تجویز کے ذریعے مزید تین ماہ اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں۔ ان کا اصل مقصد، بقول نیتن یاہو، ایران کے خطرے کا خاتمہ ہے۔

بریک نے خبردار کیا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کا ایران پر مشترکہ حملہ یا اسرائیل کی یکطرفہ کارروائی مشرقِ وسطیٰ میں ایک وسیع جنگ بھڑکا سکتی ہے، جس میں مصر بھی شامل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مغربی کنارے میں کشیدگی بڑھنے اور صہیونی فوج کی وسیع جنگ کے نتائج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر بھی تشویش ظاہر کی۔

ان کے مطابق، ایران اور اس کے اتحادیوں کے میزائل اور ڈرون حملے اسرائیل کے داخلی محاذ کو شدید مشکلات سے دوچار کر سکتے ہیں، جبکہ مسلسل فوجی کارروائیوں اور تھکن کے باعث صہیونی فوج کی زمینی افواج کی صلاحیت پہلے ہی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔

اس ریٹائرڈ جنرل نے مزید خبردار کیا کہ خلیج فارس کے ساحلی ممالک کے تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے پر حملے عالمی معیشت میں وسیع بحران پیدا کر سکتے ہیں، جس کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی۔ اس کے نتیجے میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع ہونے، اقتصادی پابندیاں عائد ہونے اور اسلحے کی برآمدات روکنے جیسے اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

بریک نے واضح کیا کہ محض فضائی حملوں سے ایران کے نظام کو گرانا یا اس کے جوہری پروگرام کو روکنا ممکن نہیں، بلکہ اس مقصد کے لیے زمینی کارروائی ضروری ہوگی۔ تاہم ان کے بقول، ڈونلڈ ٹرمپ امریکی فوجیوں کی بھاری جانی نقصان کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو جنگی حالات کو جواز بنا کر اقتدار میں اپنا قیام جاری رکھنے اور نئی حکومت کی تشکیل روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ بریک نے نیتن یاہو کی پالیسیوں کو جانی و مالی نقصانات، فوج کی جنگی تیاریوں میں کمی اور اسرائیل کی عالمی حیثیت کمزور ہونے کا ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور قریبی مشیر جیرڈ کشنر کے 23 نومبر 2026 کو امریکی جریدے ’’نیویارک‘‘ کو دیے گئے انٹرویو کا حوالہ بھی دیا، جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ موجودہ پالیسیوں کے تسلسل سے اسرائیل عالمی سطح پر تنہا ہو سکتا ہے۔ بریک نے اس صورتِ حال کو غزہ جنگ کے بعد کے مرحلے سے متعلق ٹرمپ کے منصوبے پر عمل درآمد میں تعطل سے بھی جوڑا۔

بریک کے مطابق، نیتن یاہو نے گادی آئزنکوٹ کو تبدیلی پسند اتحاد اور لیکوڈ پارٹی پر مشتمل قومی اتحاد کی حکومت کے دوسرے مرحلے میں وزارتِ عظمیٰ دینے کی پیشکش کرکے انہیں جال میں پھنسانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کی واحد شرط مزید تین ماہ وزیراعظم رہنا ہے تاکہ وہ ایران کے خطرے کا خاتمہ کر سکیں۔

اسرائیلی جنرل نے نیتن یاہو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں برقرار رہنے کے لیے وہ ہر ممکن اقدام کرنے پر آمادہ ہیں۔ ان کے مطابق، جنگ شروع ہونے کی صورت میں نیتن یاہو یہ مؤقف اختیار کریں گے کہ جنگ کے دوران وزیراعظم تبدیل نہیں کیا جا سکتا، یوں نئی حکومت کی تشکیل روک دی جائے گی۔

بریک نے آخر میں کہا کہ نیتن یاہو عقلی انداز میں سوچنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں اور وہ اسرائیلیوں اور تمام یہودیوں کے لیے سب سے خطرناک شخص ہیں۔ اگر اسرائیلی اس مرتبہ بھی انہیں اقتدار سے ہٹانے میں کامیاب نہ ہوئے تو وہ اپنی تباہی کی جانب بڑھیں گے۔

News ID 1943211

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha