مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی اخبار دی گارڈین نے مارگو سینیئر کے قلم سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ فرانس میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شریک تقریباً 10 ہزار خواتین اور لڑکیوں نے پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر آنسو گیس کے استعمال کے بعد صحت کے مسائل پیدا ہونے کی شکایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پولیس نے 17 اکتوبر کے احتجاج کے دوران آنسو گیس کے تقریباً 22 ہزار گولے داغے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور شعبۂ صحت کے محققین اب خواتین اور لڑکیوں کی تولیدی صحت پر اس گیس کے ممکنہ قلیل اور طویل مدتی اثرات کے حوالے سے خبردار کر رہے ہیں۔
تولیدی صحت پر آنسو گیس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے قائم کیے گئے گروپ ’’لاکریموس دو سانگ‘‘ نے اس گیس کی زد میں آنے والی خواتین اور لڑکیوں کے 9,200 سے زائد بیانات جمع کیے ہیں۔ ان میں سے 94 فیصد نے خواتین کی صحت سے متعلق علامات اور مسائل کی شکایت کی ہے۔
ان بیانات میں 47 حاملہ خواتین میں سے 15 کے اسقاطِ حمل کے واقعات بھی درج کیے گئے ہیں، جنہوں نے بتایا کہ وہ آنسو گیس کی زد میں آئی تھیں۔
اگرچہ خواتین کی تولیدی صحت اور آنسو گیس کے درمیان تعلق کے حوالے سے سائنسی تحقیقات محدود ہیں، تاہم بعض محققین کا خیال ہے کہ اس گیس میں موجود کیمیائی اجزا خواتین کی زرخیزی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، فرانسیسی وزارتِ داخلہ کا دعویٰ ہے کہ 2021ء اور 2022ء میں کی جانے والی تحقیقات میں آنسو گیس کے استعمال سے کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ اسی بنیاد پر حکومت نے اس کے استعمال کو روکنے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔
تاہم، سماجی کارکنوں اور محققین نے مزید تحقیقات اور اس ہتھیار کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مطالبہ کیا ہے، بالخصوص ایسے اجتماعات میں جہاں بچے اور نوعمر افراد بھی موجود ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کی صحت پر آنسو گیس کے ممکنہ اثرات کا تاحال مکمل جائزہ نہیں لیا گیا۔
آپ کا تبصرہ