29 نومبر، 2026، 7:04 PM

خطے میں پائیدار امن کے لیے ملکوں کی خودمختاری کا احترام ناگزیر ہے، سی ای او مہر میڈیا گروپ

خطے میں پائیدار امن کے لیے ملکوں کی خودمختاری کا احترام ناگزیر ہے، سی ای او مہر میڈیا گروپ

ڈاکٹر محمد مہدی رحمتی نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی فوجی مداخلت اور جغرافیائی و سیاسی رقابتوں سے امن قائم نہیں ہو سکتا۔

مہر میڈیا گروپ کے سربراہ ڈاکٹر محمد مہدی رحمتی نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی فوجی مداخلت اور جغرافیائی و سیاسی رقابتوں سے امن قائم نہیں ہو سکتا، بلکہ علاقائی سلامتی کی ذمہ داری خطے کے ممالک کو خود مل کر اٹھانا ہوگی۔

سری لنکا کے میڈیا گروپ لیک ہاؤس کے انگریزی اخبارات ’’سنڈے آبزرور‘‘ اور ’’سیلومینا‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد مہدی رحمتی نے مغربی ایشیا کی صورتحال، علاقائی بحرانوں کے عالمی اثرات، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے کردار اور مصنوعی ذہانت کے باعث پیدا ہونے والے صحافتی چیلنجز پر اظہار خیال کیا۔

انٹرویو کے دوران  ڈاکٹر رحمتی نے برکس اور عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، ذرائع ابلاغ کی پیشہ ورانہ خودمختاری، غلط معلومات کے پھیلاؤ اور صحافت میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

میڈیا قومی طاقت اور عوامی سفارت کاری کا اہم ذریعہ ہے

ڈاکٹر محمد مہدی رحمتی نے عالمی سطح پر ملکوں کا مؤقف پیش کرنے میں ذرائع ابلاغ کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا محض خبریں منتقل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ قومی طاقت کے اہم ستونوں اور عوامی سفارت کاری کے مؤثر ترین ذرائع میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خبر رساں ادارے مہر کی مختلف زبانوں میں خدمات اور انگریزی اخبار تہران ٹائمز نے بین الاقوامی سطح پر قارئین، ماہرین اور میڈیا حلقوں تک براہِ راست رسائی کے مواقع فراہم کیے ہیں۔

رحمتی کے مطابق علاقائی صورتحال کی کوریج صرف سرکاری مؤقف کی اشاعت تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ ذرائع ابلاغ کو واقعات کے تاریخی، سیاسی، قانونی اور سلامتی سے متعلق پس منظر سے بھی اپنے قارئین کو آگاہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے ایران کا مؤقف درست معلومات، ٹھوس دلائل اور مستند شواہد کی بنیاد پر پیش کیا جانا چاہیے تاکہ قارئین یک طرفہ بیانیوں سے ہٹ کر حالات کا بہتر انداز میں جائزہ لے سکیں۔

بیرونی طاقتوں کی مداخلت سے خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں

مغربی ایشیا کے بحرانوں کے عالمی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے رحمتی نے کہا کہ کسی ایک خطے کی صورتحال تیزی سے عالمی توانائی کی سلامتی، بین الاقوامی تجارت، رسد کے نظام اور دیگر ممالک کے معاشی استحکام کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس لیے علاقائی بحرانوں کے اثرات صرف تنازعات میں براہ راست ملوث ممالک تک محدود نہیں رہتے۔

انہوں نے سری لنکا جیسے ممالک کی عالمی تجارت، توانائی کی درآمدات اور بحری راستوں کے استحکام پر انحصار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ توانائی اور نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ اور رسد کے نظام میں رکاوٹیں ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہیں۔ ایسے ممالک اکثر تنازعات کے آغاز میں کوئی کردار ادا نہیں کرتے، لیکن ان کے معاشی اور انسانی اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مہر میڈیا گروپ کے سربراہ نے کہا کہ بحران سے نکلنے کے لیے فوجی اور کشیدگی بڑھانے والے اقدامات کا خاتمہ، ملکوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور تنازعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے قابلِ اعتماد ضمانتیں ضروری ہیں۔

ان کے مطابق کسی بھی سفارتی عمل کی بنیاد باہمی احترام، واضح ذمہ داریوں اور تنازع میں شامل فریقوں کے جائز حقوق کو تسلیم کرنے پر ہونی چاہیے۔

رحمتی نے مغربی ایشیا میں بیرونی طاقتوں کی موجودگی اور کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس خطے کو عالمی طاقتوں کی فوجی اور جغرافیائی سیاسی رقابتوں کا میدان بنا دیا جائے، وہاں پائیدار امن اور استحکام کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ علاقائی سلامتی کا قیام خطے کے ممالک کی باہمی شراکت اور تعاون سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور کثیر ملکی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کریں۔ ان کے بقول یہ کردار اسی وقت نتیجہ خیز ہو سکتا ہے جب دوہرے معیار ترک کرکے بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر بلاامتیاز عمل کیا جائے۔

یک طرفہ بیانیے کی اجارہ داری کا خاتمہ، نئی اجارہ داری قائم کرنا نہیں

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں بیانیوں کے مقابلے اور رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کے رجحان کا ذکر کرتے ہوئے رحمتی نے کہا کہ کئی مواقع پر کسی واقعے کی درست وضاحت سے پہلے ہی اس کے بارے میں ایک مخصوص بیانیہ تشکیل دے دیا جاتا ہے، جو بعد میں عوامی رائے اور فیصلوں کی بنیاد بن جاتا ہے۔

انہوں نے عالمی خبر سازی اور خبروں کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے پر چند بڑے مغربی میڈیا اداروں کے غلبے کو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا ایک اہم مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ عالمی سطح پر مختلف نقطہ ہائے نظر کو جگہ دینے اور یکساں رسائی فراہم کرنے کے مواقع اب بھی محدود ہیں۔

رحمتی کے مطابق مہر میڈیا گروپ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے کثیر لسانی مواد کی تیاری، تجزیاتی صحافت کے فروغ، ماہرین کی صلاحیتوں سے استفادے اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ روابط بڑھانے پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایک بیانیے کی اجارہ داری کا مقابلہ کرنے کا مطلب کسی نئی اجارہ داری کو قائم کرنا نہیں، بلکہ ایسا متنوع میڈیا ماحول تشکیل دینا ہے جہاں کوئی ایک ادارہ یا سیاسی دھارا عالمی واقعات کی تشریح اور حقیقت کے تعین کا واحد اختیار نہ رکھتا ہو۔

برکس اور عالمی جنوب کے میڈیا اداروں سے تعاون ترجیحات میں شامل

مہر میڈیا گروپ کے سربراہ نے برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے میڈیا اجلاسوں میں اس ادارے کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہر کی اہم ترجیحات میں ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ تعاون بڑھانا اور عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان میڈیا روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا تعاون کو صرف خبروں کے تبادلے تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اس کے ذریعے مشترکہ مواد کی تیاری، صحافیوں کا تبادلہ، تربیتی سرگرمیوں، ایک دوسرے کے واقعات کی کوریج اور معلومات کی براہِ راست ترسیل کے مواقع بھی پیدا کیے جانے چاہئیں۔

رحمتی نے چین کی شنہوا، روس کی تاس، اسپوتنک، ملائیشیا کی برناما، ٹی وی برکس، انڈونیشیا کی انتارا اور قطر نیوز ایجنسی سمیت مختلف اداروں کے ساتھ مہر میڈیا گروپ کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، مواد کا تبادلہ اور مشترکہ میڈیا منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعاون کے معاہدے اسی وقت مؤثر ثابت ہوں گے جب ان کے نتیجے میں مشترکہ صحافتی مواد تیار ہو، نیوز رومز کے درمیان مستقل روابط قائم ہوں اور مواد کے تبادلے کا نظام بہتر بنایا جائے۔

ان کے مطابق برکس کے رکن ممالک اور شراکت داروں کے ذرائع ابلاغ کے درمیان فعال نیٹ ورک کا قیام عالمی سطح پر مختلف آوازوں کو جگہ دینے اور خبروں کی ترسیل کے چند مخصوص ذرائع پر انحصار کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

میڈیا کی ملکیت میں شفافیت اور صحافتی اصولوں کی پابندی ضروری ہے

مہر میڈیا گروپ کی ملکیت اور ادارتی خودمختاری سے متعلق سوال کے جواب میں رحمتی نے کہا کہ یہ ادارہ اسلامی تبلیغات کی ملکیت ہے اور اس کی ملکیت یا تنظیمی حیثیت کو چھپانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی میڈیا ادارے کے لیے اپنی ملکیت اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کے بارے میں شفافیت برقرار رکھنا اس کی جواب دہی کا اہم حصہ ہے۔

رحمتی نے ملکیتی ڈھانچے اور خبروں کی تیاری و اشاعت کے پیشہ ورانہ عمل میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ادارے کو اپنے عمومی مقاصد اور پالیسی کے ساتھ ساتھ صحافت کے پیشہ ورانہ اصولوں، معلومات کی درستگی، حقائق کی جانچ، صحافتی اخلاقیات اور قارئین کے سامنے جواب دہی کو بھی یقینی بنانا چاہیے۔

ان کے مطابق کسی میڈیا ادارے کی ساکھ اس کے مواد کے معیار اور وقت کے ساتھ قارئین کے اعتماد سے بنتی ہے، جبکہ ادارہ جاتی شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کی پابندی اس کی کارکردگی جانچنے کے اہم پیمانے ہیں۔

مصنوعی ذہانت کے دور میں قارئین کا اعتماد میڈیا کا سب سے بڑا سرمایہ

مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ جعلی مواد اور غلط معلومات کے پھیلاؤ پر گفتگو کرتے ہوئے رحمتی نے کہا کہ دنیا اس وقت صحافت کی تاریخ کے سنگین ترین چیلنجز میں سے ایک کا سامنا کر رہی ہے، جسے حقیقت کا بحران کہا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی اور جعلی تصاویر و ویڈیوز کی تیاری نے قارئین کے لیے حقیقی اور من گھڑت مواد میں فرق کرنا مشکل بنا دیا ہے۔

رحمتی کے مطابق جنگوں اور بحرانوں کے دوران یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے، کیونکہ غلط معلومات عوامی رائے پر اثرانداز ہونے، کشیدگی بڑھانے اور سیاسی و سلامتی سے متعلق واقعات کا رخ متعین کرنے کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معلومات کی تصدیق کے مؤثر نظام اور صحافت کے پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کو ضروری قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہر میڈیا گروپ مصنوعی ذہانت کو صحافیوں کی جگہ لینے یا ان کے پیشہ ورانہ فیصلوں کا متبادل نہیں سمجھتا، بلکہ اسے مواد کی تیاری، معلومات کی پراسیسنگ، ترجمے اور ترسیل کی صلاحیت بہتر بنانے کا ایک ذریعہ تصور کرتا ہے۔ تاہم اس ٹیکنالوجی کا استعمال انسانی نگرانی، معلومات کی درستگی اور اخلاقی اصولوں کی پابندی کے ساتھ ہونا چاہیے۔

رحمتی نے ایرانی میڈیا اداروں کو بعض بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک رسائی میں درپیش مشکلات اور الگورتھم سے متعلق رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہر میڈیا گروپ ان حالات سے نمٹنے کے لیے اپنی ویب سائٹس اور کثیر لسانی نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ غیر ملکی میڈیا اداروں سے براہِ راست تعاون اور مواد کے تبادلے کے مختلف ذرائع بھی فروغ دے رہا ہے۔

انٹرویو کے اختتام پر رحمتی نے کہا کہ ٹیکنالوجی معلومات کی ترسیل کی رفتار اور دائرہ کار تو بڑھا سکتی ہے، لیکن صرف ٹیکنالوجی سے اعتبار اور اعتماد پیدا نہیں ہوتا۔ قارئین کا اعتماد درست معلومات، شفافیت، جواب دہی اور سچائی سے وابستگی کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے اور یہی ہر میڈیا ادارے کی سرگرمیوں کا بنیادی اصول ہونا چاہیے۔

یاد رہے لیک ہاؤس سری لنکا کے قدیم اور معروف میڈیا اداروں میں شمار ہوتا ہے، جو سنہالی، تامل اور انگریزی زبانوں میں اخبارات شائع کرتا ہے۔ اس کے نمایاں اخبارات میں ڈیلی نیوز، سنڈے آبزرور، دینامینا اور تیناکاران شامل ہیں۔

News ID 1943219

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha