مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفر سیدآبادی نے اتوار کے روز تایباد میں محکمہ امورِ غیر ملکی شہریوں اور مہاجرین کے نمائندہ دفتر کے سابق اور نئے سربراہان کی الوداعی اور تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوغارون کی سرکاری گزرگاہ افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کے لیے ایران کی پہلی سرحدی گزرگاہ شمار ہوتی ہے اور یہ سلسلہ اب بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
صوبۂ خراسان رضوی کے محکمہ امورِ غیر ملکی شہریوں اور مہاجرین کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی 11 لاکھ 82 ہزار افغان شہری دوغارون سرحدی گزرگاہ کے ذریعے اپنے وطن واپس گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے 11 صوبوں میں شناخت کیے جانے والے غیر قانونی افغان شہریوں کو ایران سے انخلا اور افغانستان واپسی کے لیے دوغارون سرحد پر منظم کیا جاتا ہے۔
سیدآبادی نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں غیر ملکی شہریوں کے طلبہ کے داخلوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال مختلف تعلیمی مراحل میں 60 ہزار افغان طلبہ کو صوبے کے اسکولوں میں داخل کیا گیا ہے۔
ان کے بقول، گزشتہ ایک سال کے دوران صوبے سے قانونی اور غیر قانونی حیثیت رکھنے والے افغان شہریوں کی بڑی تعداد کی واپسی کے باعث رواں سال صوبے کے اسکولوں میں مناسب گنجائش پیدا ہوئی، جس سے قانونی اقامتی دستاویزات رکھنے والے طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت صوبہ خراسان رضوی میں 3 لاکھ سے زائد قانونی حیثیت رکھنے والے افغان شہری اور 4 لاکھ غیر قانونی افغان شہری مقیم ہیں۔
آپ کا تبصرہ