مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ روسی وزارت خارجہ نے دمشق کی ایک عمارت پر اسرائیلی رجیم کے حالیہ حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہم دمشق میں ایک عمارت پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم ایک بار پھر اسرائیل سے کہتے ہیں کہ وہ شام کی خودمختاری کا احترام کرے۔
ماسکو کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تل ابیب، خطے میں جنگ کے دائرے کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہم اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حملے کا ہدف کوئی بھی تھا، یہ ایک گنجان آباد رہائشی علاقے میں تیسرے ملک کی سرزمین پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں بے گناہ لوگ مارے گئے۔
روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اسرائیلی فریق سے کہتے ہیں کہ وہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی چارٹر پر عمل کرے۔
یاد رہے کہ گذشتہ رات دمشق میں ایک عمارت پر صیہونی حملے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے تھے۔
آپ کا تبصرہ