مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے المسیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: میں دنیا کے تمام مسلمانوں بالخصوص یمن کے عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، بہادر یمنی اپنے اہداف کا بھرپور دفاع کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں نے یمن پر حملہ اس لیے کیا کہ انہوں نے دیکھا کہ صنعا مزاحمت کے ذریعے فتح حاصل کر رہا ہے، تاہم یمن کے خلاف جارحانہ حملے ناکام ہوں گے۔
عراقچی نے واضح کیا کہ دشمن نے دس سال تک یمنی عوام کو شکست دینے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور حقیقت یہ ہے کہ حملوں اور جارحیت کے ذریعے یمنی قوم کو شکست دینا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ کہ یمن پر حملہ ایران کے خلاف جارحیت کا پیش خیمہ ہے، کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے اور ہم نے اس طرح کی بہت سی دھمکیاں سنی ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کبھی بھی دباو قبول نہیں کرے گا اور ہم کسی کو بھی طاقت کی زبان میں بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، دشمن اپنی دھمکیوں پر پچھتائیں گے۔
آپ کا تبصرہ