مہر نیوز کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران میں اربعین حسینی کے موقع پر مشی کا سلسلہ آج صبح شروع ہوچکا ہے۔
اس سال عراق میں اربعین کی عالمی مشی میں شرکت نہ کر سکنے والے ہزاروں حسینی پروانے ملک کے مختلف شہروں میں مشی کرنے نکل چکے ہیں۔
اربعین کربلا کی جنگ میں امام حسین (ع) اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کا چالیسواں دن ہے جسے دنیا بھر میں مزاحمت اور اتحاد کی ایک طاقتور علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اربعین ہر سال 20 صفر کو منایا جاتا ہے جو اسلامی قمری تقویم کا دوسرا مہینہ ہے۔ ہر سال لاتعداد شیعہ اور سنی مسلمان امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کربلائے معلی جاتے ہیں۔
زائرین، خاص طور پر عراق اور ایران سے، کربلاء کے لیے طویل سفر طے کرتے ہیں، جس کا فاصلہ نقطہ آغاز کے لحاظ سے 80 کلومیٹر سے لے کر 500 کلومیٹر تک ہوتا ہے۔
اربعین کے موقع پر امام حسین (ع) کے مزار پر جانے کی روایت شیعوں میں ایک ثابت رہی ہے، یہاں تک کہ اموی اور عباسی خاندانوں کے ادوار میں بھی برقرار رہی۔
اربعین کی زیارت کا مقصد صرف امام حسین علیہ السلام کے روضے کی زیارت کرنا نہیں ہے بلکہ یہ زیارت امام کے اصولوں اور طرز زندگی سے عہد کی نمائندگی کرتی ہے کہ جہاں زائرین اپنے وقت کے امام سے اپنی بیعت کا اعادہ کرتے ہیں۔
تہران میں، جو لوگ اس سال عراق نہیں جا سکے، وہ رے میں شاہ عبدالعظیم حسنی کے مزار کی طرف کر مشی کر رہے ہیں۔
لوگوں کی کثیر تعداد اتوار کی صبح تہران کے امام حسین (ع) اسکوائر پر مشی میں شامل ہونے کے لیے جمع ہوئی۔
اس موقع پر ملک بھر میں جاری مشی کے راستوں میں سینکڑوں موکب (رضاکارانہ طور پر تیار کیے گئے عوامی خیمے) لوگوں کی خدمت کے لیے آمادہ ہیں۔
آپ کا تبصرہ