29 جون، 2024، 5:28 PM

اسلام میں "عظمت اہلبیتؑ کانفرنس" منعقد؛

سیرت آئمہ اطہار علیہ السلام ہمارے لیے نمونہ حیات ہے

سیرت آئمہ اطہار علیہ السلام ہمارے لیے نمونہ حیات ہے

علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ سیرت آئمہ اطہار علیہ السلام ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس بعنوان عظمت اہلبیتؑ کانفرنس کا انعقاد جامعہ الصادق اسلام آباد میں ہوا، کانفرنس میں علامہ سید حسنین عباس گردیزی، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ حیدر علوی، مولانا یاسین قادری، علامہ اقبال حسین بہشتی، علامہ زاہد کاظمی، علامہ اصغر عسکری، علامہ ثمر عباس نقوی ودیگر علمائے کرام و مبلغین اسلام سمیت عوام کی بڑی تعداد میں شرکت۔

شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ سیرت آئمہ اطہار علیہ السلام ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں، کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد شرکاء کو ایک تحریک، ایک سمت اور جہد دینا ہے تاکہ آپ تمام علمائے کرام و مبلغین اسلام اپنے اپنے علاقوں میں جا کر احسن طریقے سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے تعلیمات دین اسلام کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں بالخصوص تحریک کربلا کی مختلف جہتوں سے متعارف و روشناس کرایا جائے، انہوں نے تمام شرکاء کانفرنس کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔

سربراہ امت واحدہ علامہ محمد آمین شہیدی نے کہ اسلام دشمن قوتیں ہمیں فرقوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا، امت مسلمہ کا اتحاد دشمن قوتوں کی موت ہے، ماہ محرم الحرام انسانیت کے لیے ایثار، شجاعت اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے، ہمیں وحدت کے فروغ کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ اہلبیت علیہ السّلام کی فضیلت و عظمت کے لیے یہی کافی ہے کہ رسول اکرم ص نے اپنے بعد جو دو گراں قدر چیزیں چھوڑیں ان میں قرآن کریم کے ساتھ اہلبیت علیہ السّلام بھی شامل ہیں، دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جو بھی مشکلات و مسائل پیش آئیں گی قرآن و اہلبیت ع کی تعلیمات کی روشنی میں حل موجود ہے، انشاء اللہ غزہ کی صورتحال امام زمانہ کے ظہور کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

جمیعت علمائے اسلام نورانی گروپ کے مرکزی رہنما علامہ حیدر علوی نے کہا کہ معاشرے کے اندر بڑھتی شدت پسندی کے خاتمے کے لئے تعلیمات نبی کریم حضرت محمد ص کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، یہ مسلمین جہان میں وحدت نہ ہونے کی وجہ سے آج غزہ کے مظلومین پر اسرائیلی سفاکیت جاری ہے اور پوری دنیا اس ظلم وبربریت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہے۔

کانفرنس کے شرکاء سے اہلسنت کے معروف عالم دین علامہ یاسین قادری نے کہا ہے کہ اگر رسول اکرم ص کی پاکیزہ سیرت و کردار کو تمام مسلمان نمونہ عمل بنا لیں تو امت مسلمہ کے تمام مسائل ومشکلات کا خاتمہ ہو جائے اور اسلام دشمن قوتوں کے مذموم عزائم و مقاصد خاک میں مل جائیں گے۔

کانفرنس کے دیگر مقررین میں علامہ سید ثمر نقوی، علامہ اصغر عسکری، مولانا گلزار حسین فیاضی اور دیگر علمائے کرام شامل تھے۔

News ID 1925086

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha