مہر نیوز کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے امریکی پولیس کی طرف سے یونیورسٹی کیمپس میں فلسطین کے حامی طلباء کے خلاف کریک ڈاؤن کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ فلسطین میں ناجائز قبضے اور غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے خلاف بلکہ اس سے کہیں آگے فلسطین کی آزادی کے لئے آواز اٹھانا آج عالمی مطالبہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی صہیونیت کی ہڈیاں چٹخنے کی آواز آج پہلے سے کہیں زیادہ صاف سنائی دے رہی ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکی اور یورپی یونیورسٹیوں میں طلباء کے احتجاجی مظاہروں پر پرتشدد کریک ڈاؤن سے فلسطین میں ناجائز قبضے کی گرتی ہوئی دیوار کو کوئی نہیں روک سکتا اور جو کوئی بھی غاصب صیہونی رجیم کی پشت پر کھڑا ہوگا وہ اس کی نابودی کے ملبے تلے دب کر رہے گا۔
یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیلی جنگی جارحیت کے خلاف امریکہ میں طلباء کے مظاہروں میں اس وقت شدت آئی جب پولیس نے نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں طلباء کو گرفتار کیا تھا۔
غاصب اسرائیلی رجیم نے غزہ کے گنجان آباد علاقے کا مکمل محاصرہ کرتے ہوئے وہاں کے باشندوں کا وحشیانہ قتل عام جاری رکھا ہے اور ان پر ایندھن، بجلی، خوراک اور پانی تک بند کر دیا ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ قاتل رجیم کی اس بربریت پر اقوام متحدہ سمیت نام نہاد عالمی برادری نے دانستہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
آپ کا تبصرہ