فلسطینی ذرائع نے غاصب صہیونی حکومت کی جیلوں میں خضر عدنان کی شہادت کے ردعمل میں مقبوضہ علاقوں پر نئے مزاحمتی حملوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران غزہ کے اطراف کی بستیوں کی جانب 20 راکٹ داغے گئے۔
خضر عدنان کی موت کے اعلان کے فوراً بعد جہاد اسلامی فلسطین کی تنظیم نے جنوبی اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا جبکہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں عام ہڑتال کی کال دی۔
بتایا جا رہا ہے کہ ان صیہونی کالونیوں سے فضائی حملے کے سائرن کی آواز سنائی دی جا رہی ہے۔ صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق، کم سے کم ایک راکٹ سدیروت کالونی میں جا گرا۔
صیہونی میڈیا نے اب تک ایک انتہاپسند آبادکار کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ صیہونی چینل چودہ کے مطابق ان راکٹ حملوں میں سدیروت میں واقع ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
صیہونی آبادکاروں سے محفوظ مقامات میں پناہ لینے کے لئے کہا گیا ہے۔
دریں اثنا غرب اردن کے طولکرم شہر کے قریب واقع افنی حیفتس صیہونی کالونی میں صیہونی آبادکاروں کی کئی گاڑیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے میں کم از کم تین صیہونی آبادکار زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب صیہونی حکومت اور نجی مراکز کی ویب سائٹس پر وسیع سائبر حملوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
انانیمس سوڈان نام کے ہیکر گروپ نے صیہونی حکومت کے قیدخانوں کے ادارے کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کرکے اس کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ ادھر رای الیوم اخبار نے ایک فلسطینی ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی استقامتی گروہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران شیخ خضر عدنان کی شہادت کے جواب میں انتقامی کارروائی انجام دیں گے۔
آپ کا تبصرہ