مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر اقتصادی امور سردارایاز صادق نے کہاہے کہ ایران پاکستان کا اہم پڑوسی ملک ہے اورپاکستان ایران کے ساتھ باہمی و دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر سید محمد علی حسینی سے الوداعی ملاقات میں کہی۔
وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ سفیر کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا اور توانائی، زراعت وبنیادی ڈھانچہ سمیت مختلف شعبوں میں متعدد مشترکہ منصوبے شروع کیے گئے ۔ سردارایاز صادق نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو آسان بنانے میں سفیر کے فعال اور موثرکردار کی بھی تعریف کی اوراسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قراردیا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اورضرورت اس امرکی ہے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے حقیقی امکانات اوراستعدادسے استفادہ کیا جائے۔سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیرنے پاکستان میں قیام کے دوران گرمجوشی اور حمایت پرتشکرکااظہارکیا انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنیوالے سفیر اسی مثبت رفتار کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاک ایران اقتصادی تعلقات کی تاریخ میں پہلی بار دو طرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ سفیر نے پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 21ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزارت اقتصادی امور کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان نقل و حمل، کسٹم اور تجارت کے حوالے سے دوطرفہ مذاکرات بہت جلدکسی نتیجے پر پہنچیں گے ، ایران متعدد منصوبوں جن میں بجلی کی ترسیل کے منصوبے، ٹرائل رن بارڈر مارکیٹ اور دیگر منصوبے شامل ہیں، کا افتتاح کر رہا ہے، فی الحال ایران پاکستان کو 144 میگاواٹ بجلی برآمد کر رہا ہے، بجلی کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد اس میں مزیداضافہ ہوگا، ایران پاکستان کو 500 میگاواٹ بجلی برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی مسلسل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیرنے سبکدوش ہونے والے سفیر کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔
آپ کا تبصرہ