13 اپریل، 2023، 2:04 PM

افغانستان کو درپیش حالات کا ذمہ دار امریکہ ہے، ایرانی وزیر خارجہ

افغانستان کو درپیش حالات کا ذمہ دار امریکہ ہے، ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے دو عشروں تک افغانستان کو اپنے قبضے میں رکھا تھا اسی لئے آج افغانستان کے حالات کے بارے میں امریکہ کو جواب دینا ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے چار ہمسایہ ممالک کے اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ افغانستان میں امن و امان کی بحالی کے لئے ایران تعاون کرنے پر تیار ہے۔ انہوں نے ایران، چین، روس اور پاکستان جیسے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے باہمی تعاون کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتحال سے سب سے زیادہ پڑوسی ممالک متاثر ہوتے ہیں۔ 

ایرانی وزیر خارجہ نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور امریکی غلط پالیسی کو افغانستان میں بدامنی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ مغربی ممالک نے دو دہائیوں تک جارحیت کے بعد افغانستان کو غربت اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مستقل رکن اور افغانستان پر قابض ملک کی حیثیت سے امریکہ سب سے افغانستان کے برے حالات کا جوابدہ ہے۔ افغانستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے مغرب سے زیادہ ہمسایہ ممالک کے تعاون کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی خراب معاشی صورتحال کے پیش نظر لوگ ہجرت کررہے ہیں۔ عالمی برادری، ہمسایہ ممالک اور افغانستان کی حکومت کو اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ نے بیس سالوں کے دوران افغانستان میں منشیات کی پیداوار کو فروغ دیا۔ آج مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والا منشیات کا نیٹ ورک اس مکروہ دھندے کی مخفیانہ اور علی الاعلان حمایت کررہا ہے۔ 

امیر عبداللہیان نے افغانستان میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا افغانستان میں خواتین کے اجتماعی حقوق کی پامالی اور لڑکیوں کے سکولوں کی بندش افسوسناک ہے۔ ایران افغانستان میں خواتین کی بہبودی کے لئے اقوام متحدہ اور افغان حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے افغانستان میں برسر اقتدار جماعت پر زور دیا کہ کثیرالقومی حکومت کی تشکیل کے اپنے وعدے کو فوری طور پر پورا کرے۔ انہوں نے افغانستان اور بعض ہمسایہ ممالک کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

News ID 1915865

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha