مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر اطلاعات سید اسماعیل خطیب نے اسلامی جہموری ایران کے یوم اسلامی جمہوریہ کے موقع پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ یوم جمہوریت ہماری تاریخ کا اہم اور بابرکت دن ہے۔ ایرانی قوم نے ملکی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والے آزادانہ انتخابات میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے اٹھانوے فیصد سے زائد ووٹ دے کر اسلامی جمہوری ایران کے مقدس نظام کو قبول کیا۔ اسی کے ساتھ شاہی حکومت کے مظالم اور استبداد کا طویل سلسلہ بھی بدترین انجام سے دوچار ہوا۔ ایرانی قوم نے باشعور اور بابصیرت ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے دنیا کے سامنے دینی جمہوریت کا حقیقی نمونہ پیش کیا جس سے ہمارے دوست خوشگوار حیرت اور دشمن مایوسی کا شکار ہوگئے۔
انہوں نے کہاکہ آج ان حالات میں یوم جمہوریت منارہے ہیں جب دشمن کی مسلط کردہ ہائبرڈ جنگ کا قوم تجربہ کرچکی ہے جس کو رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کی بابصیرت قیادت، ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کی ہوشیاری اور عوام کی بروقت میدان میں حاضری سے ناکام بنادیا گیا ہے۔ کامیابیوں کا یہ سلسلہ فتنوں کی مکمل نابودی تک جاری رہے گا۔ دشمنوں کی مسلسل سازشوں کے باوجود اللہ کے فضل و کرم سے انقلاب اسلامی کی کامیابیوں کی بازگشت ملکی سرحدوں کے پار بھی سنائی دے رہی ہے۔ ہمارا اسلامی انقلاب عالمی ظالمانہ نظام سے نجات کا قابل نمونہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس باعث افتخار دن کی مناسبت سے رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کی بابصیرت اور استقامت کے جذبات سے معمور قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور امام خمینی اور شہداء کی مقدس ارواح پر درود بھیجتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ