مہر خبررساں ایجنسی کی رپوٹ کے مطابق، پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے طالبان کے دعوؤں کے ردعمل میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے محمد یعقوب مجاہد کے الزام کو ‘گہری تشویش’ کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ بیان گزشتہ روز طالبان حکومت کے قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب مجاہد کے بیان کے رد عمل میں سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہماری معلومات کے مطابق ڈرون طیارے پاکستان سے افغانستان میں داخل ہوتے ہیں اور پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہیں۔ ہمارا پاکستان سے مطالبہ ہے کہ اپنی فضائی حدود کو ہمارے خلاف استعمال نہ کرے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغان وزیر دفاع کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی ثبوت کے بغیر جس کا خود افغان وزیر نے اعتراف کیا ہے، اس طرح کے فرضی الزامات عائد کرنا انتہائی افسوسناک اور ذمہ دارانہ سفارتی اصولوں کے منافی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر اپنے یقین کا اعادہ کرتا ہے اور دہشت گردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتا ہے۔
4پاکستان کے دفتر خارجہ نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی جانب سے کیے گئے بین الاقوامی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی ملک کے خلاف اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
گزشتہ سال طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، اسلام آباد کا دعویٰ ہے کہ عسکریت پسند گروپ پڑوسی ملک سے باقاعدہ حملے کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ