مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے تہران میں صحافیوں کے ساتھ ہفتہ وار گفتگو میں کہا ہے کہ یورپی ممالک کے ساتھ مالی معاملات طبی اور غذائی مواد تک محدود نہیں ہیں اور ایران اپنے سکیورٹی اور دفاعی امور پر کسی سےمذاکرات نہیں کرےگا۔ ترجمان نے قطر میں عالمی اجلاس کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اس اجلاس میں اپنے مؤقف کو صاف اور شفاف طریقہ سے پیش کیااور قطری حکام کے ساتھ بھی مذاکرات کافی مفید ثابت ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے امریکہ نے بعض عرب حکمرانوں کو اپنی مٹھی میں لیکر ایران کے خلاف زہریلا پروپیگنڈےکا آغاز کررکھا ہے البتہ امریکہ کے ایران کے خلاف جھوٹے، غلط اور بے بنیاد الزامات اب دم توڑ رہے ہیں اور امریکہ کی اصلی حقیقت علاقائی اور عالمی رہنماؤں کے سامنے عیاں ہورہی ہے۔ امریکہ کی دشمنی صرف ایران سے نہیں بلکہ اس کی دشمنی کا سلسلہ دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی جاری ہے۔
قاسمی نے عراق پر امریکی دباؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق ایران کا بہترین ہمسایہ اور قریبی دوست و برادر ملک ہے ایران اور عراق کے درمیان مستقبل میں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملےگا، دونوں ممالک ایکدوسرے کے درد اور مشکلات سے آشنا ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہےگا۔
بہرام قاسمی نے پاکستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں اسیر ایرانی سرحدی محافظوں کی آزادی کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی محافظوں میں سے 5 افراد آزاد ہوگئے ہیں جبکہ باقی ابھی بھی دہشت گردوں کی قید میں ہیں۔ پاکستانی حکومت کو اپنی سرحد کے اندر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور دہشت گردوں کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ہم پاکستان کے ساتھ ملکر سرحد کو محفوظ بنانے کی تلاش و کوشش کررہے ہیں اور پاکستانی حکومت بھی دہشت گردی کے خلاف بر سرپیکار ہے اور وہ ایرانی سرحدی محافظوں کی رہائی کے لئے تلاش و کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
آپ کا تبصرہ