مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ضیاء موڑ کے قریب فوم بنانے والی فیکٹری میں لگی آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا جبکہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ کی 16 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، آگ کی وجہ سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیاجبکہ آگ بجھانے کی کوشش میں 6 فائر فائٹرز زخمی بھی ہوگئےہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق سائٹ ایریا میں جمعرات کی صبح فیکٹری کےایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں تاہم آگ تاحال بجھ نہ سکی جبکہ فائر بریگیڈ کی 17 فائر ٹینڈر، باؤزر اور اسنارکل موقع پر موجود ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے پانی کے ساتھ ساتھ فوم کا استعمال بھی کیا جارہا ہے اور کوشش ہے کہ آتشزدگی سے اطراف کی فیکٹریاں اور دیگر املاک متاثر نہ ہوں۔
آپ کا تبصرہ