مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے " نافٹا" کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر سیکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات ناکافی ہیں جب کہ امریکہ کے امیگریشن سے متعلق ’ احمقانہ نرم قوانین ‘ کا فائدہ بھی اُٹھایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے بارڈر پٹرول ایجنٹس اپنا کردار موثر طریقے سے انجام نہیں دے پا رہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ مذکورہ وجوہات کی وجہ سے میکسیکو سے تارکین وطن کے قافلے کے قافلے امریکہ میں داخل ہو رہے ہیں جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے ’ڈاکا‘ معاہدے کو منسوخ کردیا جائے گا اور اس طرح کے دیگر معاہدے نہیں کیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایسے افراد جو بچپن سے امریکا میں مقیم ہیں اور اپنے والدین کے ہمراہ یہاں آئے تھے اب انہیں رہائش اور شہریت کی قانونی حیثیت دیے جانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہو گا، انہیں خواب دیکھنے والا ہی سمجھا اور پکارا جائے گا۔ امریکی صدر نے شمالی امریکا کے آزاد تجارت کے معاہدے نافٹا کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا جس کے لیے ان دنوں کینیڈا اور میکسیکو سے بات چیت بھی جاری ہے۔
آپ کا تبصرہ