مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مالدیپ میں سکیورٹی فورسز نے ملک کی پارلیمنٹ کو بند کرکے حزب اختلاف کے 2 رہنماؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اطلاعات کےمطابق مالدیپ کی عدالتِ عظمیٰ نے2 روز قبل فیصلہ سنایا تھا کہ جلاوطن سابق صدر محمد ناشید کا ٹرائل غیر آئینی ہے اور 9 ارکان پارلیمان کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے سابق صدر سمیت حزب اختلاف کے دیگر رہنماؤں کا ازسر نو ٹرائل کا حکم دیا تھا۔ ان ارکان کی رہائی کی صورت میں پارلیمان میں حزب اختلاف کو دوبارہ اکثریت حاصل ہو جائے گی۔ حکومت نے عدالت کے حکم پر عمل درآمد کرنے سے انکار کرتے ہوئے پارلیمان کو ہی معطل کر دیا تھا۔ ملک کے اٹارنی جنرل انیل نے وزارتِ دفاع کے سربراہ جنرل شیام اور پولیس کمشنر عبداللہ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے سابق صدر محمد ناشید کے حق میں فیصلہ دے کر ہمیں متنبہ کردیا ہے کہ اب ملک کے موجودہ صدر عبداللہ یامین کے خلاف کوئی بھی کارروائی ہوسکتی ہے اور انہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے ہے جسے ہم غیر قانونی سمجھتے ہیں کیوں کہ اس کارروائی کے نتیجے میں سلامتی کا قومی بحران پیدا ہو سکتا ہے، لہذٰا سکیورٹی فورسز مالدیپ حکومت کے حکم کو مانتے ہوئے سپریم کورٹ کی جانب سے صدر عبداللہ یامین کو گرفتار کرنے یا مواخذے کی کارروائی کے کسی حکم پر عمل درآمد نہ کرے۔
اٹارنی جنرل کی پریس کانفرنس میں فوج اور پولیس کے اعلیٰ حکام کو حکومت کے دفاع میں اپنی جانیں دینے کا حلف اٹھاتے ہوئے بھی دکھایا گیا اور حکومت کے حکم کے بعد سکیورٹی فورسز نے ملک کی پارلیمنٹ کو قبضے میں لے کر حزبِ اختلاف کے 2 رہنماؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔واضح رہے کہ مالدیپ کے سابق صدر محمد ناشید سری لنکا میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے عدلیہ کے احکامات کو ماننے سے انکار بغاوت کے مترادف ہے۔ انھوں نے صدر یامین اور حکومت سے فوری مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ آئین کی پاسداری کریں۔
آپ کا تبصرہ