مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی طرف سے سعودی عرب سے منسلک وہابی دہشت گرد تنظیم داعش کے خاتمہ پر مبنی خط کے جواب میں تاکید کرتے ہوئے فرمایا: میں اس عظیم کامیابی پر آپ کو اور آپ کے ساتھیوں کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، اور اس کے ساتھ ہی دشمن کے مکر و فریب کے بارے میں ہوشیار رہنے کی تاکید کرتا ہوں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے جنرل قاسم سلیمانی کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی نے آپ کی اور آپ کے ساتھیوں کی مختلف سطحوں پر مجاہدانہ ، فداکارانہ اور مخلصانہ کوششوں کو مثمر ثمر قراردیا اور آپ کے ہاتھوں داعش کے شجرہ خبیثہ کونیست و نابود کیا جسے عالمی طاغوتی طاقتوں نے عراق اور شام میں کاشت کیا تھا۔ آپ اور آپ جیسے صالح اور نیک افراد نے عراق اور شام سے داعش کے شجرہ خبیثہ کو جڑ سے اکھیڑ کر پھینک دیا ۔ آپ نے صرف داعش کا ہی خاتمہ نہیں کیا ، بلکہ آپ نے داعش کے حامیوں کو بھی عالمی سطح پر ذلیل اور رسوا کردیا ہے۔ امریکہ کی سابقہ اور موجودہ حکومتوں، اسرائيل اور سعودی عرب کی حکومتوں نے خطے کے ممالک میں اختلاف اور عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے داعش کے شجرہ خبـیثہ کو عراق اور شام میں تشکیل دیا اور اس کی بھر پور حمایت کی لیکن آپ نے عراق اور شام میں داعش کو شکست دیکر عراق و شام کے عوام بلکہ دنیا بھر کی اقوام کی عظیم خدمت کی ہے۔ اللہ تعالی نے داعش اور اس کے حامیوں کی شکست کی صورت میں آپ کو اور آّپ کے ساتھیوں کو بہترین جزا عطا کی ہے۔ میں آپ کو اور آپ کے تمام ساتھیوں اور مجاہدوں کو اس عظیم کامیابی پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دشمن کے نئے مکر و فریب سے آگاہ اور ہوشیار رہنے کی سلسلے میں تاکید کرتا ہوں۔ کیونکہ دشمن داعش کی شکست کے بعد جدید اور نئے شوم منصوبوں پر کام جاری رکھےگا اور ہمیں دشمن کے مکر و فریب سے ہمیشہ آگاہ اور ہوشیار رہنا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ