مہر خبررساں ایجنسی نے طلوع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان نے 2 فوجی چیک پوسٹوں پر حملہ کرکے 13 اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ افغان فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد طالبان دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق طالبان نے 2 مختلف فوجی چیک پوسٹوں پر حملے کیے، پہلا حملہ افغانستان کے جنوبی صوبے فرح کے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر کیا جس میں 9 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔ صوبے فرح کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپ 4 گھنٹے جاری رہی جس میں طالبان کی جانب سے آرٹرلی سمیت خود کارہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا جب کہ فوج کی جوابی کارروائی میں 17 طالبان دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے دوسرا حملہ صوبہ ہرات کی فوجی چیک پوسٹ پر کیا گیا جس میں 2 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوئے جب کہ یہاں بھی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس سے طالبان دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تاہم ان کی ہلاکتوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
آپ کا تبصرہ