مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں کویت کے وزير خارجہ شیخ صباح خالد الصباح نے امیر کویت کا کتبی پیغام اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کو پیش کیا صدر حسن روحانی نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران مسلم ممالک کے ساتھ مضبوط اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور مسلم و ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ مشرق وسطی کے حساس اور اہم علاقہ میں امن و ثبات کے قیام کے سلسلے میں علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون بہت ضروری ہے اور باہمی تعاون کے سلسلے میں مذاکرات اور گفتگو ضروری ہے اور خطے کی پیشرفت و ترقی کے سلسلے میں امن و ثبات سب کے مفاد میں ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران علاقائی حکومت اور قوموں کی دہشت گردی کے مقابلے میں مدد کررہا ہے اور یہ مدد ہمسایہ حکومتوں کی درخواست پر مبنی ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے۔
اس ملاقات میں کویت کے وزیر خارجہ اور امیر کویت کے خصوصی ایلچی نے وہابی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو بہت بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے کویت ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ، کویت کے خصوصی ایلچی اور وزير خارجہ نے کہا کہ ایران ایک اہم اسلامی ملک ہے اور کویت ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
آپ کا تبصرہ