مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران میں یوم مسلح افواج کی مناسبت سے منعقد فوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام کو ایران کی مسلح فوج پر مکمل اعتماد حاصل ہے ایرانی مسلح افواج اور عوام کے درمیان گہرا رابطہ ہے۔
صدر حسن روحانی نے یوم مسلح افواج کی مناسبت سے مسلح افواج کو مبارکباد اور مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے اوائل میں بعض افراد فوج کے انحلال کی سازش کررہے تھے لیکن حضرت امام خمینی (رہ) نے اپنی خاص درایت اور حکمت کے ساتھ ان کی اس سازش کو ناکام بنادیا اور فوج کی بھر پور حمایت کی اور 29 فروردین کو یوم مسلح افواج کے نام سے موسوم کردیا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی فوج نے 29 بہمن، 21 بہمن اور 22 بہمن کے امتحانات میں بھر پور کامیابی حاصل کی ۔
آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں فوج کے بارے میں حضرت امام خمینی (رہ) کی درایت اور حکمت عملی نمایاں ہوگئی اور ایران کی بری ، بحری اور فضائی افواج نے ملک کی سرحدوں کا مکمل دفاع کیا اور اس دفاع میں ایرانی مسلح افواج کو ایرانی عوام کی مکمل حمایت حاصل رہی ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم کو اس بات پر فخر ہے کہ ایران کی مسلح افواج جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ جذبہ ایمان اور شجاعت کے ہتھیاروں سے بھی مسلح ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو مسلح افواج کے ساتھ والہانہ محبت ہے اور ایرانی قوم اور ملک کو اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد اور فخر ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہماری طاقت کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ اپنے قومی اور ملکی مفادات کے دفاع کے سلسلے میں ہے ایران خطے میں پائدار امن کا خواہاں ہے اور اپنے ملکی مفادات کے دفاع کے لئے مکمل طور پر آمادہ ہے۔
آپ کا تبصرہ