مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم وہابی دہشت گرد تنظیم طالبان نے پیشگی شرائط کے بغیر افغان حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکارکردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ان کی پیشگی شرائط مان نہیں لی جاتی وہ افغان حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ طالبان کی جانب سے شرائط بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذاکرات سے قبل ملک سے غیرملکی افواج کا خاتمہ، طالبان کے ناموں کا عالمی بلیک لسٹ سے اخراج اور ان کے قیدیوں کی رہائی ضروری ہے جب کہ ان شرائط کی منظوری تک طالبان کسی قسم کے مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور اب بھی ان کی رکھی گئی شرائط کے بغیر کسی قسم کے مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے جب کہ اسلامک امارت نے کسی بھی شخص کو افغان حکومت سے براہ راست مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے اپنا نمائندہ مقرر نہیں کیا اور نہ ہی مجلس شوریٰ نے اس قسم کے مذاکرات میں حصہ لینے کی منظوری دی ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان کے اس بیان سے پاکستان، افغانستان، چین اور امریکہ کی جانب سے جاری 4 ملکی مذاکرات کے پلیٹ فارم پر افغانستان میں امن کی کوششوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔
آپ کا تبصرہ