مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے قافلے میں مشتبہ گاڑی گھس آئی جس نے نواز شریف کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی کوشش کی تاہم وزیراعظم کے قافلے کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اپنی فیملی کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد بذریعہ روڈ جارہے تھے کہ ان کے قافلے میں اچانک مشتبہ گاڑی گھس آئی جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سفید رنگ کی پراڈو گاڑی نے وزیراعظم کی گاڑی کو پیچھے سے ہٹ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد قافلے کی سکیورٹی پر ماموراہلکاروں نے فوری طور پر مشتبہ گاڑی کو قافلے سے الگ کرلیا جب کہ وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ خیریت وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا قافلہ جوں ہی اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوا تو مشتبہ گاڑی وزیراعظم کے قافلے میں شامل ہوئی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے مشکوک گاڑی میں سوار شخص کو حراست میں لے لیا جب کہ تسلی بخش جواب نہ دینے پر اسلام آباد پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی ہے جب کہ مشکوک گاڑی کا ڈرائیور تفتیش کے دوران اپنا نام اور گھر کا پتہ درست بتانے میں ناکام ہوا ہے۔
آپ کا تبصرہ