مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف سپریم کورٹ کی طرف سے نااہل ہونے کے بعد ایک ریلی کے ہمراہ لاہور جارہے ہیں لالہ موسی کے مقام پر ان کی ریلی میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے 12 سالہ بچے کو کچل دیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے منصب سے نااہل ہونے والے نوازشریف کی ریلی اب گجرات پہنچ چکی ہے اور ان کے قافلے میں شامل درجنوں گاڑیوں نے اپنے نااہل ہونے والے رہنما کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ لالہ موسی کے قریب نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ایک 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوگئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 12 سالہ حامد سڑک کنارے کھڑا تھا کہ نوازشریف کے اسکواڈ میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اور برق رفتاری سے آگے کی جانب نکل گئی جب کہ قافلے میں شامل کسی بھی گاڑی یا اہلکار نے بچے کو اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو قریبی اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ واقعے کے بعد بچے کی والدہ بے ہوش ہے جب کہ والد کو دل کا دورہ پڑ گیا ہے۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے واقعے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ریلی پاکستان بچانے کی ریلی ہے اور پاکستان کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ یہ بچہ بھی پاکستان کے لیے قربان ہوا ہے۔ اللہ اس کے درجات بلند کرے۔
آپ کا تبصرہ