مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ڈنمارک نے جرمنی سے ملانے والے 19 کلومیٹر لمبی زیرسمندر سڑک اور ریل کی سرنگ کی تعمیر کے لیے یورپی یونین کی منظوری حاصل کرلی جس کے بعد منصوبے پر آئندہ سال سے آغاز ہوگا۔ سرنگ ڈنمارک کے جزیرے لولینڈ کو جرمنی کے جزیرے فیہمرن سے ملائے گی جس کی تعمیر کا آغاز آئندہ سال جنوری میں ہوگا اورتوقع کی جارہی ہے کہ منصوبے کو 2024 تک مکمل کرتے ہوئے اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا جس کے بعد 5 گھنٹوں کا سفر 2 گھنٹے میں طے کیا جاسکے گا جب کہ منصوبے میں 4 لین پر مشتمل موٹروے اور 2 رویہ ریلوے ٹریک شامل ہیں۔
یورپی یونین کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ یورپی یونین کے ممالک کو دی جانے والی امداد کے اصولوں پر پورا اترتا ہے اور اس سے وسطی یورپ اور سکنڈنیویا کے درمیان مواصلاتی روابط بڑھیں گے۔ زیرسمندر سرنگ کی تعمیر سے ڈنمارک اور جرمنی کا فاصلہ کئی گنا کم ہوجائے گا اور فہمرن بیلٹ پراجیکٹ پر 8 ارب 70 کروڑ یورو کی لاگت آئے گی اور اس کے لیے اسے یورپی یونین کی جانب سے 58 کروڑ 90 لاکھ کی رقم حاصل ہوگی۔
آپ کا تبصرہ