مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے ہفتۂ بسیج کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔
پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمٰن الرحیم
اللہ تعالیٰ کی رحمت اور رضوان، ملتِ ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے امامِ راحل، عظیم المرتبت اور تابندہ روح (قدس سرہ) کے حضور نذر ہے، جنہوں نے انقلابِ اسلامی کی کامیابی کے ذریعے فراموش شدہ اسلامی اقدار کو دوبارہ زندہ کیا۔
انقلابِ اسلامی کی کامیابی کے ابتدائی دنوں میں امام خمینیؒ نے بیس ملین نفری پر مشتمل بسیج فورس کے قیام کا فرمان جاری کیا تھا۔ اپنی بابرکت زندگی کے آخری سال میں عالمِ اسلام کے حوالے سے آپؒ نے فرمایا تھا:’’سچ بتائیے! اگر مسلمانوں کی عالمی بسیج تشکیل پا چکی ہوتی تو کیا کوئی بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معنوی اولاد کے خلاف اس قدر گستاخی اور جسارت کرنے کی جرأت کر سکتا تھا؟‘‘
امامِ خمینی (رحمۃ اللہ علیہ) کے اس تزویراتی خواب کو ہمارے شہید امام (قدس سرہ الشریف) نے خطے میں مزاحمتی گروہوں کی سرپرستی اور حمایت کرتے ہوئے اور انہیں محاذِ مزاحمت میں تبدیل کرکے عملی جامہ پہنایا۔
آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے عظیم رہبر حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ تعالیٰ) نے مختلف محاذوں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے، اس پُرافتخار راستے کو اسلامی جمہوریہ ایران اور عالمِ اسلام میں عظیم کامیابیوں کے حصول کے لیے متعین کر دیا ہے۔ ان شاء اللہ، یہ عظیم اور باعثِ افتخار تحریک عالمِ اسلام کے تمام جغرافیائی خطوں میں حضرت امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی عالمی حکومت کے قیام تک جاری و ساری رہے گی۔
ہمارا اور دنیا کے تمام حریت پسندوں کا سلام، وطنِ اسلامی کے تمام بسیجیوں، بالخصوص ملک بھر کے مختلف میدانوں میں احیاء اور بیداری کی تحریک برپا کرنے والوں، نیز عالمِ اسلام کے بسیجیوں اور محاذِ مزاحمت کے پُرافتخار مجاہدین کے حضور پیش ہے؛ فلسطین اور استقامت شعار غزہ سے لے کر سربلند لبنان، بہادر یمن اور سرفراز عراق تک، اور دنیا کے دیگر خطوں میں سرگرم ان گمنام اور بے سرحد ہیروز تک۔
آپ کا تبصرہ