26 نومبر، 2026، 10:38 PM

سی آئی اے اور امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر پر سائبر حملہ

سی آئی اے اور امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر پر سائبر حملہ

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے انکشاف کیا ہے کہ سی آئی اے اور ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر کے زیر استعمال ایک معلوماتی نظام کو ممکنہ سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے خبر دی ہے کہ امریکی مرکزی خفیہ ایجنسی (سی آئی اے) اور ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر کے زیر استعمال اس نظام کو ممکنہ سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے ذریعے کھلے ذرائع سے جمع کی گئی معلومات کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، باخبر ذرائع نے اس سائبر دراندازی کا ممکنہ تعلق چین سے جوڑا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا چینی حکومت اس حملے میں ملوث تھی یا نہیں۔ امریکی حکام نے سی این این کو بتایا ہے کہ اس دراندازی سے کسی بھی خفیہ معلومات کو نقصان نہیں پہنچا۔

دوسری جانب، امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) ایک قومی ڈیٹا بیس میں ممکنہ دراندازی کی تحقیقات کر رہا ہے۔ وفاقی، ریاستی اور مقامی سطح کے قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم سے متعلق معلومات کے تبادلے کے لیے اس ڈیٹا بیس کو استعمال کرتے ہیں۔

سی این این کے مطابق، نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر کے ڈیٹا بیس میں ممکنہ دراندازی گزشتہ چند ماہ کے دوران ایف بی آئی کے نظاموں پر دوسرا سائبر حملہ ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے امریکی حکام کی تشویش کا باعث بننے والے سائبر واقعات کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔

امریکہ بھر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس ڈیٹا بیس میں گرفتاری کے وارنٹ، مجرمانہ ریکارڈ اور افراد کے سکیورٹی پس منظر سے متعلق معلومات محفوظ اور ان کا تبادلہ کرتے ہیں۔

حالیہ سائبر واقعات میں مائیکروسافٹ کے نظام میں عالمی سطح پر پیدا ہونے والی خرابی بھی شامل ہے، جس سے کروڑوں صارفین متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ امریکہ بھر میں فضائی آمدورفت کا نظام بھی تعطل کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں 18 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں یا متاثر ہوئیں۔

گزشتہ ستمبر میں شائنی ہنٹرز نامی ایک گروہ نے ایف بی آئی کی بھرتی سے متعلق ویب سائٹ میں نقب لگا کر ادارے کے موجودہ اور سابق ملازمین کی معلومات تک رسائی حاصل کر لی تھی، جس سے ان کے ذاتی ڈیٹا کی سلامتی خطرے میں پڑ گئی تھی۔

News ID 1943145

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha