27 نومبر، 2026، 2:35 PM

ایرانی قوم اور مسلح افواج نے دشمنوں کو بے بس کر دیا ہے، آیت اللہ احمد خاتمی

ایرانی قوم اور مسلح افواج نے دشمنوں کو بے بس کر دیا ہے، آیت اللہ احمد خاتمی

امام جمعہ تہران نے کہا ہے کہ بلاشبہ دشمنوں کو بے بس کرنے والے عوامل میں سے ایک اہم عامل عوامی اجتماعات اور میدان میں لوگوں کی موجودگی ہے، جبکہ دوسرا عامل مسلح افواج کے مضبوط بازو ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید احمد خاتمی نے تہران میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں، ہفتۂ بسیج کی مناسبت سے بسیج کے مقام و اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں بسیج کا مفہوم واضح کرنا چاہیے۔ بسیج ایک ثقافت ہے اور بسیج کا ادارہ اسی ثقافت کی خدمت کے لیے قائم ہے۔ بسیج درحقیقت وہی جذبہ ہے جسے آج ہماری عوامی زبان میں ’’جانثاری‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ تمام افراد بسیجی ہیں، خواہ وہ بسیج کے ادارے کے رکن ہوں یا نہ ہوں۔

امام جمعہ تہران نے دشمنوں کے مقابلے میں اہلِ ایمان کی تیاری سے متعلق قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم نے بسیجی فکر پیش کی ہے۔ قرآن کا فرمان ہے کہ اہلِ ایمان کو دشمنوں کے مقابلے میں ہمیشہ تیار رہنا چاہیے اور جب بھی ضرورت ہو، انفرادی طور پر اور جب اجتماعی طور پر میدان میں اترنے کی ضرورت ہو تو اجتماعی صورت میں میدان میں آئیں اور دشمن کو بے بس کر دیں۔ یہی بسیج ہے اور اسی کو ہم بسیج کی ثقافت کہتے ہیں۔

آیت اللہ خاتمی نے بسیجی فکر سے دشمنوں کی مخالفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کا اس فکر سے مسئلہ بھی یہی ہے کہ وہ چاہتے ہیں ایسی ثقافت کا وجود ہی نہ ہو۔

تہران کے خطیبِ جمعہ نے بسیجیوں اور ایرانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ بسیجیوں کی خدمت میں، جو سب کے سب بسیجی فکر کے حامل ہیں، عرض کرنا چاہتا ہوں کہ بلاشبہ یہ جانثار اور بسیجی، جنہوں نے تقریباً 9 ماہ یعنی 270 راتوں سے سڑکیں نہیں چھوڑی ہیں، اس قرآنی آیت کے واضح مصادیق میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ ایرانی قوم ہیں اور ایرانی قوم کی اکثریت اسی جذبے کی حامل ہے۔ بلاشبہ آپ کے دشمنوں کو بے بس کرنے والے عوامل میں سے ایک یہی عوامی اجتماعات اور میدان میں لوگوں کی موجودگی ہے، جبکہ دوسرا عامل آپ کی مسلح افواج کے مضبوط بازو ہیں۔ ان دونوں عوامل نے دشمنوں کو بے بس اور عاجز کر دیا ہے۔

آیت اللہ خاتمی نے دشمنوں کے دباؤ اور دھمکیوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ 47 سال سے ایران کا محاصرہ کیے ہوئے ہیں، لیکن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکے۔ 9 ماہ سے ہم نے آپ کو عاجز کر رکھا ہے؛ 9 ماہ سے ہم نے آبنائے ہرمز کو اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے اور آپ کی چیخیں نکل گئی ہیں، آپ کو سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کریں۔ یہ صورتِ حال آپ، عزیز ایرانی قوم، اور عزیز بسیجیوں کی طاقت و اقتدار کی عکاسی کرتی ہے۔

امام جمعہ تہران نے انقلابِ اسلامی اور جمہوری اسلامی نظام سے ایرانی قوم کی وفاداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم انقلاب اور نظام کے ساتھ رہی ہے اور سڑکوں پر موجود رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دشمن کی ذلت اور اسے مکمل طور پر بے بس کرنے تک میدان میں ثابت قدم رہے گی۔

News ID 1943161

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha