مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سینئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج نے خطے میں کوئی فوجی یا جارحانہ کارروائی نہیں کی۔
جنرل شکارچی نے کویتی حکام کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خطے میں صہیونی حکومت اور امریکی افواج کی سابقہ جارحانہ کارروائیوں اور فالس فلیگ آپریشنز کی تاریخ کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت اور امریکی افواج کی جانب سے فالس فلیگ کارروائیوں اور خطے میں مہم جوئی کی سابقہ تاریخ کو دیکھتے ہوئے یہ الزام شرارتوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور خطے میں بدامنی بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ بیان کویتی حکام کے اس الزام کے بعد سامنے آیا ہے کہ ملک کی ایک اہم تنصیب کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک اور دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔
یہ واقعہ ایک ایسی تنصیب میں پیش آیا جہاں فضائی دفاعی نظام کی نگرانی کرنے والا ایک اسٹیشن قائم ہے۔ وہاں رائن میٹل اٹالیہ (Rheinmetall Italia) کے دو تکنیکی ماہرین کویت کے اسکائی گارڈ (Skyguard) دفاعی نظام کے آلات کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔
کویت کی وزارت دفاع اور اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی کے مطابق، دونوں اطالوی تکنیکی ماہرین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ کویتی فوج کا ایک کیپٹن اور ایک پاکستانی شہری بھی زخمی ہوئے۔
کویتی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی فوج نے ملک کی فضائی حدود میں کئی ڈرونز کی نشاندہی کرکے انہیں روک لیا تھا، تاہم ڈرونز کا ملبہ گرنے سے مذکورہ تنصیب کو نقصان پہنچا اور بعض افراد زخمی ہوئے۔
آپ کا تبصرہ