25 نومبر، 2026، 5:46 PM

ایران نے لبنان کی حمایت میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں کی، حزب الله

ایران نے لبنان کی حمایت میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں کی، حزب الله

حزب الله لبنان کے ایک سینئر رہنما نے لبنان میں اتحاد و یکجہتی کے بیانیے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی لبنان کی حمایت میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب الله لبنان کے سینئر رہنما حسن فضل الله نے لبنان میں اتحاد و یکجہتی کے بیانیے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی لبنان کی حمایت میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔

حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ اور پارلیمانی دھڑے ’’وفاداری برائے مزاحمت‘‘ کے رکن حسن فضل اللہ نے پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کے بعد بتایا کہ انہوں نے ان سے جنوبی لبنان کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت، دشمن کی جانب سے زمینوں اور گھروں کو تباہ کرنے کی کارروائیوں، نیز مشرقی زوطر، حداثا اور جنوبی لبنان کے دیگر دیہات پر دشمن کے حملوں کے بارے میں گفتگو کی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنوبی لبنان کے عوام اپنی ثابت قدمی کے ذریعے قومی وفاداری کا معیار قائم کر رہے ہیں اور وطن سے محبت کا اندازہ بھی اسی مقام سے لگایا جاتا ہے۔

فضل اللہ نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات لبنان کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں؛ کیونکہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں اور کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو ایران نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان بدستور جارحیت کے خاتمے اور اسرائیل کو لبنانی سرزمین سے انخلا پر مجبور کرنے کے معاملے میں اولین ترجیح ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے اس مؤقف پر اس کے شکر گزار ہیں اور لبنان میں ہم سب کو اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے لبنان کے ساتھ یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ ایران آج علاقائی اور عالمی سطح پر ہماری سرزمین کی آزادی کے حق کی حمایت کرنے والوں کی صفِ اول میں کھڑا ہے۔

حزب الله کے سینئر رہنما نے واضح کیا کہ ایران نے لبنان کی سرزمین کو آزاد کروانے اور اپنی پوری سرزمین پر اس کی خودمختاری نافذ کروانے کے لیے لبنان کی حمایت میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں کی اور نہ آئندہ کرے گا۔

فضل اللہ نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی لیے ہمیں اسلام آباد مذاکرات کے عمل سے اب بھی امیدیں وابستہ ہیں، کیونکہ موجودہ حالات میں یہی واحد دستیاب موقع ہے۔ بالخصوص اس کے بعد کہ ہم نے فریم ورک معاہدے یا صیہونی دشمن کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے نتائج دیکھ لیے ہیں اور یہ بھی مشاہدہ کیا ہے کہ ان مذاکرات سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا، بلکہ اس کے برعکس اسرائیلی دشمن اس صورتِ حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لبنان کے خلاف اپنی جارحیت میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج لبنان کو ایسے قومی بیانیے کی ضرورت ہے جو جنوبی لبنان کے عوام کی تاریخی ثابت قدمی کا ساتھ دے اور داخلی کشیدگی میں کمی لائے۔

ملک میں اتحاد و یکجہتی کے بیانیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ داخلی ماحول کو کشیدہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ دشمن کی جانب سے ملک کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں پہلے ہی لبنانی عوام کے لیے کافی دشواریاں پیدا کر رہی ہیں۔ لبنان کے عوام اور تمام لبنانی شہریوں کو ایسے اشتعال انگیز یا کشیدگی پیدا کرنے والے بیانیے کی ضرورت نہیں جو اختلافات اور تفرقے کو ہوا دے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ملاقات میں دو دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن کا تعلق بجٹ اور تعمیرِ نو کے لیے عمومی بجٹ میں مختص کیے گئے فنڈز اور مالی وسائل سے تھا۔

News ID 1943110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha