مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب الله لبنان نے لبنان کے 83 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی حکومت نے اپنے وزارتی اعلامیے، بالخصوص چوتھی شق میں، سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تاہم افسوس کہ حکومت اسرائیلی دشمن کو اس کے جرائم کا جواب دہ ٹھہرانے کے لیے لبنان اور لبنانی عوام کے حق سے دستبردار ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
حزب الله لبنان کے مطابق، غاصب اسرائیل کی کھلی خلاف ورزیوں اور حملوں کے باوجود حکومت محض تماشائی بنی ہوئی ہے اور انہیں روکنے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کر رہی۔ اس کے برعکس وہ اپنے عوام اور ان کی مزاحمت کا مقابلہ کر رہی ہے اور اپنی فوج کو بھی حملوں کے خطرے سے دوچار کر رہی ہے، حالانکہ فوج داخلی امن برقرار رکھنے کی پابند ہے اور ملک کا بنیادی مسئلہ لبنانی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کا تسلسل ہے۔
حزب الله لبنان نے زور دیا کہ آج تمام لبنانی عوام کو متحد ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور قومی اتحاد کو برقرار رکھنا چاہیے، تاکہ اپنی آزادی کا تحفظ کر سکیں، اپنی سرزمین اور قیدیوں کو واپس حاصل کریں اور جنوبی لبنان کی تعمیرِ نو کر سکیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنانی عوام، فوج اور مزاحمت کو ایک قوم کی حیثیت سے متحد اور ثابت قدم رہتے ہوئے اپنی آزادی، سرزمین اور قومی عزت و وقار کا دفاع کرنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ