مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے بدھ کے روز جاری بیان میں کہا کہ حملہ اپنے ہدف پر کامیابی سے انجام دیا گیا۔ ان کے مطابق 22 جولائی سے سعودی عرب کے خلاف نافذ بحری ناکہ بندی کے آغاز کے بعد یہ آٹھواں سعودی تیل بردار جہاز ہے جسے نشانہ بنایا گیا ہے۔
یحییٰ سریع نے مزید دعویٰ کیا کہ یمنی افواج نے اب تک 29 سعودی آئل ٹینکروں کی نقل و حرکت روک دی ہے، جس کے نتیجے میں انہیں اپنا راستہ تبدیل کرتے ہوئے بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب کی جانب واپس جانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ بحیرۂ احمر کے شمالی علاقے میں یمنی افواج کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، یہاں تک کہ تمام بحری راستے بند ہو جائیں۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا یہ اقدام یمن پر عائد "غیر منصفانہ محاصرے" کے جواب میں کیا جا رہا ہے اور یمنی افواج اپنے اعلان کردہ اہداف کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
آپ کا تبصرہ