27 جون، 2026، 1:43 PM

مسلح افواج پائیدار امن اور استحکام کے لیے ہر طرح کے تعاون کو تیار ہیں، جنرل عبداللہی

مسلح افواج پائیدار امن اور استحکام کے لیے ہر طرح کے تعاون کو تیار ہیں، جنرل عبداللہی

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے عدلیہ کے سربراہ کو پیغام میں منظم بدعنوانی کے خلاف مشترکہ اقدامات، عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسلح افواج کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خاتم الانبیاء سینٹرل ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہی نے اسلامی جمہوری ایران کی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژہ ای کے نام اپنے پیغام میں منظم بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی، عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلح افواج کی مکمل آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

پیغام میں سات تیر کو انقلابِ اسلامی کی تاریخ کا ایک عظیم مگر انتہائی دردناک دن قرار دیتے ہوئے آیت اللہ شہید سید محمد حسینی بہشتی اور ان کے بہتر ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے دہشت گرد تنظیم منافقین کے حملے میں جامِ شہادت نوش کیا۔

کمانڈر نے ہفتۂ عدلیہ کی مناسبت سے عدلیہ کے سربراہ اور پوری عدالتی انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اسلامی نظام حکمرانی میں انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی، عوامی حقوق کے تحفظ اور معاشرتی اعتماد کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔

پیغام میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں، جب اسلامی جمہوری ایران کو دشمنوں کی جانب سے پیچیدہ عسکری، اقتصادی، ادراکی اور میڈیا جنگوں کا سامنا ہے، عدلیہ کا کردار قومی اقتدار، بدعنوانی کے خاتمے، قانون کے نفاذ اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج اپنے قانونی فرائض کے دائرے میں رہتے ہوئے عدل کے قیام، عوامی حقوق کے تحفظ، منظم بدعنوانی اور خطرات کا مقابلہ کرنے، نیز ملک کے اقتدار اور پائیدار امن کے استحکام کے لیے ہر قسم کے تعاون، ہم آہنگی اور ضروری معاونت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

پیغام کے اختتام پر انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ عدلیہ کے سربراہ اور ان کے رفقا کو اس اہم قومی ذمہ داری کی انجام دہی میں روز افزوں کامیابیاں عطا ہوں اور وہ حضرت ولی عصرؑ کی عنایات اور رہبر معظم انقلاب حضرت امام سید مجتبی حسینی خامنہ ای (دام ظلہ العالی) کی حکیمانہ قیادت کے زیر سایہ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں۔

News ID 1940024

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha