7 جون، 2026، 9:13 AM

حزب اللہ کے ڈرون اسرائیلی فوج کے لیے غیر معمولی چیلنج بن گئے، اسرائیلی میڈیا

حزب اللہ کے ڈرون اسرائیلی فوج کے لیے غیر معمولی چیلنج بن گئے، اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی نشریاتی ادارے نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ کے بارود بردار چھوٹے ڈرونز کے خلاف مؤثر دفاعی حکمت عملی تیار کرنے میں ناکامی سے اسرائیلی فوج کو گزشتہ کئی دہائیوں کے سب سے پیچیدہ عسکری چیلنج کا سامنا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ کے استعمال کردہ بارود بردار چھوٹے ڈرونز اسرائیلی فوج کے لیے ایک غیر معمولی اور پیچیدہ خطرہ بن گئے ہیں، جس کا مؤثر توڑ اب تک تلاش نہیں کیا جا سکا۔

المیادین کے مطابق اسرائیلی نشریاتی ادارے کان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حزب اللہ کے دھماکا خیز ڈرونز نے اسرائیلی فوج کو بڑی حد تک حیران کر دیا ہے اور ان کے خلاف مؤثر دفاعی نظام تیار کرنا انتہائی دشوار ثابت ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ 20 سے 30 برس کے دوران اسرائیلی فوج کو کسی ایسے خطرے کا سامنا نہیں کرنا پڑا جس کے مقابلے میں وہ اس حد تک مؤثر حل تلاش کرنے میں ناکام رہی ہو۔ ادارے نے اس صورتحال کو فوجی اور تکنیکی اعتبار سے ایک غیر معمولی چیلنج قرار دیا۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق انہی ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں، جس سے شمالی محاذ پر اسرائیلی فوج کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

دریں اثنا اسرائیلی میڈیا نے حال ہی میں جنوبی لبنان میں زخمی ہونے والے گولانی بریگیڈ کی خصوصی "ایگوز" یونٹ کے ایک افسر کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔ اسرائیل کے چینل 12 کے مطابق لبنان میں جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کے 16 اہلکار اور افسر ہلاک ہو چکے ہیں۔

مبصرین کے مطابق کم لاگت، محدود حجم اور دشوار سراغ رسانی کی خصوصیات رکھنے والے یہ ڈرونز جدید جنگی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور روایتی فضائی دفاعی نظاموں کے لیے ایک بڑھتا ہوا چیلنج بن چکے ہیں۔

News ID 1939609

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha