مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے کردستان ریجن کے وزیراعظم مسرور بارزانی نے مرکزی حکومت کے حالیہ فیصلوں کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں اربیل اور بغداد کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتائج کے منافی قرار دیا ہے۔
مسرور بارزانی نے عراقی وزیراعظم علی الزیدی کے فیصلوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلے بغداد کے ساتھ سابقہ مذاکرات کے نتائج سے مطابقت نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ میں بغداد اور دیگر فریقوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ آئین کی پابندی کریں۔ آئین سے ہٹ کر کیا جانے والا کوئی بھی اقدام قابل قبول نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ ہر قسم کی بات چیت صرف عراقی آئین کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
بارزانی نے مزید کہا کہ عراقی وفد کے ساتھ ہونے والے سابقہ مذاکرات کے مندرجات، بغداد کے بیان اور 2027 کے بجٹ بل کے مسودے میں واضح تضاد پایا جاتا ہے، جس پر ہمیں حیرت ہے۔ کردستان ریجن اپنی آئینی حیثیت اور حقوق کو متاثر کرنے والے ہر غیر قانونی اور آئین مخالف اقدام کو مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ کردستان کی علاقائی حکومت قدرتی وسائل اور گیس فیلڈ کورمور کے معاملے میں آئینی دائرے کے اندر رہتے ہوئے ہم آہنگی اور تعاون کے لیے تیار ہے۔
مسرور بارزانی نے کردستان ریجن کی سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات ختم کرکے متحد ہوں اور ذاتی و جماعتی مفادات کے بجائے ریجن کے اعلی مفادات کو ترجیح دیں۔
یاد رہے کہ عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے قومی خودمختاری کو ناقابل تقسیم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی وسائل کا تحفظ عراق کے وجود کی بقا کی جنگ ہے۔ انہوں نے ملک میں ہر قسم کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات اور فیصلوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔
آپ کا تبصرہ