مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ اور مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہی نے ہفتہ بسیج کے موقع پر بسیج تنظیم کے سربراہ، معاونین اور مختلف شعبوں کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ بسیج اس تنظیم کی ایک سالہ کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات اور مختلف شعبوں میں بسیجیوں کی مؤثر خدمات کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بسیج کا قیام امام خمینی (رہ) کے حکم پر عمل میں آیا اور آج یہ ایک مضبوط اور تناور درخت بن چکی ہے۔ بسیج اور اس کے رضاکار ملک کے لیے ایک قیمتی نعمت ہیں اور ہمیں ان کی قربانیوں اور خدمات پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
جنرل عبداللہی نے آٹھ سالہ دفاع مقدس میں بسیجیوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں بسیجی رضاکارانہ جذبے، ایثار اور بے لوثی کے ساتھ میدان جنگ میں حاضر ہوئے۔ ان میں سے بہت سے شہید اور بڑی تعداد میں زخمی و معذور ہوئے، لیکن آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک اور اسلامی نظام کی خدمت میں مصروف ہیں۔
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے ایران کی دفاعی صلاحیتوں اور حالیہ جنگ کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی میزائل طاقت نے دو طاقتور دشمنوں، یعنی ایک عالمی سپر پاور اور دنیا کی پانچویں بڑی فوج کو سنگین چیلنج سے دوچار کیا اور انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔ یہ ایک بڑی اور قابلِ ذکر کامیابی تھی۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی طویل کشمکش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 48 برسوں کے دوران ایران مسلسل امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی دشمنی اور جارحانہ اقدامات کا سامنا کرتا رہا ہے۔ اس عرصے میں خلیج فارس کی جنگ، ایرانی مسافر طیارے کو نشانہ بنانے اور طبس میں امریکی فوجی آپریشن سمیت متعدد واقعات پیش آئے۔
جنرل عبداللہی نے کہا کہ دشمنوں نے گزشتہ برسوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کو کمزور ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ مخالفین کے پروپیگنڈے، اقتصادی دباؤ، پابندیوں اور ایران کو سیاسی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں نے دشمنوں میں یہ تصور پیدا کیا کہ ایران مطلوبہ طاقت اور صلاحیت نہیں رکھتا۔ اسرائیلی حکومت نے بھی غلط اندازوں اور ناقص معلومات کی بنیاد پر ایران کی دفاعی صلاحیتوں کا غلط تخمینہ لگایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ایران کی قوم کے ایمان، عزم اور اتحاد کو اپنے حساب کتاب میں درست طور پر شامل نہیں کرتے۔ ماضی میں صدام نے بھی ایرانی قوم کی طاقت اور عزم کے بارے میں غلط اندازہ لگایا تھا اور آٹھ سالہ جنگ کے بعد اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنرل عبداللہی نے جنگ رمضان کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کا خیال تھا کہ وہ 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کو گرا دیں گے اور مخالف گروہوں کو سڑکوں پر لا کر اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے وسیع پیمانے پر حملہ شروع کیا، لیکن ایران نے ابتدائی حملے کے صرف ایک گھنٹے بعد جواب دے دیا۔
انہوں نے ایران کی اس کارروائی کو دشمن کے لیے مسلسل حیرتوں کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو توقع تھی کہ ایران کا جواب تاخیر سے آئے گا، لیکن مسلح افواج کے فوری ردعمل نے میدان جنگ میں اس کی عملیاتی ترتیب درہم برہم کر دی۔
مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء (ص) کے کمانڈر نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں امریکی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کا ایک بڑا حصہ ناقابل استعمال ہوگیا۔ بعض اڈے اب تک اپنی سابقہ عملیاتی حالت میں بحال نہیں ہوسکے اور امریکہ انہیں مزید دور دراز علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے جگہیں تلاش کر رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی جگہ تبدیل کرنے سے ایران کے عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ یہ اڈے جہاں بھی قائم ہوں گے، ضرورت پڑنے پر ایرانی مسلح افواج کے نشانے پر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے مختلف اداروں کے باہمی تعاون اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے سمندر میں اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنایا اور مخالف فریق کو پسپائی پر مجبور کیا۔
انہوں نے ایران کے قومی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مخالف فریق کو بالآخر ایران کے حقوق اور مفادات کا احترام کرنا اور اپنا رویہ تبدیل کرنا پڑے گا۔ ہمیں طاقت اور ثابت قدمی کے ساتھ اسے ایرانی قوم کے حقوق تسلیم کرنے پر مجبور کرنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ