مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے اتوار کے روز تین مقامی سیٹلائٹس کی کامیاب لانچنگ کے بعد وزیرِ اطلاعات و مواصلات سید ستار ہاشمی کے نام ایک تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے اس عظیم کامیابی کو ایرانی ماہرین اور سائنسدانوں کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
محمد رضا عارف نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ خلائی ٹیکنالوجی اس ایران کی ترقی کا واضح مظہر ہے جو ظلم و ناانصافی پر مبنی پابندیوں کے خلاف سینہ تان کر کھڑا ہے۔ ایران اب اپنی آزادی اور خودمختاری کے ثمرات طب، نینو ٹیکنالوجی، خلائی صنعت اور ایٹمی سائنس سمیت مختلف شعبوں میں اپنی قوم کے سامنے پیش کر رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خلائی شعبے میں نوجوان ماہرین کی لگن ایرانی و اسلامی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ان کے بقول، مقامی سطح پر تیار کیے گئے یہ سیٹلائٹس مستقبل کے لیے امید کی علامت اور ترقی کے اعلیٰ ترین درجوں کے حصول کی عکاسی کرتے ہیں۔
نائب صدر نے ایران کی خلائی ایجنسی اور خلائی تحقیقی مرکز کے محققین اور ایلیٹ سائنسدانوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ ایران سائنس اور ٹیکنالوجی کے عالمی اسٹیج پر اسی طرح کامیابیوں کے جھنڈے گاڑتا رہے۔
ایران کی جانب سے بیک وقت تین سیٹلائٹس کی کامیاب لانچنگ کو عالمی سطح پر ایرانی دفاعی اور سائنسی صلاحیتوں کے ایک بڑے مظاہرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس نے ثابت کر دیا ہے کہ تہران خلائی دوڑ میں اب ایک اہم کھلاڑی بن چکا ہے۔
آپ کا تبصرہ