مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایک بار پھر جون میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کا واحد راستہ سیاسی اور سفارتی حل ہے۔
ماسکو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس مستقل طور پر اس بات پر زور دیتا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق تمام مسائل کو مذاکرات اور سیاسی ذرائع سے حل کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ فوجی کارروائیاں مغربی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور جوہری تنصیبات پر حملے جو آئی اے ای اے کی نگرانی میں ہیں، کسی طور قابلِ قبول نہیں۔
زاخارووا نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کو ذاتی دفاع قرار دینا بین الاقوامی عدمِ پھیلاؤ کے نظام کو بحران میں دھکیلنے کے مترادف ہے اور اس سے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے اصول بھی پامال ہوئے ہیں، جس پر ایران ہمیشہ کاربند رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مذاکرات کی بحالی کے لیے ایران کو سنجیدہ ضمانتیں درکار ہیں کہ اس کی جوہری تنصیبات دوبارہ میزائل یا فضائی حملوں کا نشانہ نہیں بنیں گی۔
انہوں نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ پابندیوں اور حملے کی دھمکیاں ترک کرکے ایران کے ساتھ سفارت کاری کی راہ اپنائیں۔
آپ کا تبصرہ