مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ہونے والی عالمی شہرت یافتہ سائیکل ریس ووئلتا اس وقت معطل ہوگئی جب فلسطین حامی مظاہرین نے صہیونی ٹیم کی موجودگی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ریس کا راستہ روک دیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق فائنل مرحلے میں سائیکلسٹ جیسے ہی شہر میں داخل ہوئے تو بڑی تعداد میں مظاہرین نے رکاوٹیں توڑ کر سڑک پر قبضہ کرلیا اور صہیونی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، تاہم سیکورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود مظاہرین قابو سے باہر ہوگئے اور ریس روکنی پڑی۔
مقامی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین نے مختلف مقامات پر ریس کے راستے کو بلاک کیا اور اسرائیلی ٹیم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بڑے واقعے کو روکا جاسکے، لیکن عوامی غصے کے سامنے انتظامیہ بے بس نظر آئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ صہیونی ٹیم کو عالمی مقابلوں میں شرکت کا موقع دینا دراصل فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت ہے۔
آپ کا تبصرہ