21 جون، 2025، 7:23 AM

گروسی نے عالمی ایجنسی کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے، ایران کا اقوام متحدہ کے سربراہ کو خط

گروسی نے عالمی ایجنسی کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے، ایران کا اقوام متحدہ کے سربراہ کو خط

ایران نے اقوام متحدہ کے سربراہ کے نام خط میں رفائیل گروسی کی جانب سے عالمی جوہری ایجنسی کے قانون کی پامالی کی شکایت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر سعید ایروانی نے عالمی ادارے کے سربراہ گوٹریش کے نام ایک خط میں عالمی جوہری ایجنسی کے سربراہ رفائل گروسی کے کردار کے بارے میں شکایت کی ہے۔

ایروانی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایران پر صہیونی حکومت کے حملے کے دوران رفائل گروسی نے عالمی ایجنسی کے قانون کو پامال کرتے ہوئے مکمل جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ادارے کے قوانین کے برخلاف بیانات دیے ہیں۔

ایرانی نمائندے نے اپنے خط میں کہا کہ گروسی نے 9 جون کو پریس کانفرنس میں اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ سرگرمیوں کے بارے میں صرف تشویش کا اظہار کیا حالانکہ ان حالات میں اسرائیل کے کسی ممکنہ حملے کے بارے میں عملی طور پر روک تھام کی کوشش کرنی چاہئے تھی۔ ایجنسی کے قانون کے مطابق پرامن تنصیبات پر حملہ یا دھمکی دینا ممنوع ہے۔ اس کی طرف عمدا توجہ نہ کرنا ایجنسی کے سربراہ کے فرائض منصبی کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حملوں کے بعد گروسی کا کردار غیر جانبدر رہنے کے قانون کے منافی تھا۔ 16 جون کو عالمی ایجنسی کے سربراہ کے بیان میں نہ صرف اسرائیل کے حملوں کی مذمت نہیں کی گئی بلکہ ایرانی تنصیبات پر حملے کے بارے میں کسی قسم کی تشویش کا اظہار نہیں کیا گیا حالانکہ اسرائیل نے مزید حملے جاری رکھنے کا اعلان کردیا تھا۔

ایروانی نے اپنے خط میں کہا کہ گروسی کے اس کردار کی وجہ سے عالمی ایجنسی کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور عالمی سطح پر اس کے وقار کو دھچکہ لگا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں پر گروسی کی خاموشی اقوام متحدہ کے اصولوں اور عالمی ایجنسی کے اغراض و مقاصد کے منافی ہے۔

News ID 1933710

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha