مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھارت میں مسافر طیارے کے حادثے پر اپنے پیغام میں بھارت کے صدر، متاثرہ خاندانوں اور بھارت کے عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ہماری دلی ہمدردیاں اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد سے لندن جارہا تھا جو اڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہوا اور رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 242 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
طیارہ حادثے میں ایک مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا جس کی شناخت رمیش کے نام سے ہوئی اور اُسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مسافر ہوش میں ہے اور بات چیت کررہا ہے۔
وقوعہ سے برآمد ہونے والی متعدد لاشیں جھلس کر ناقابل شناخت ہوچکی ہیں جنہیں ضابطے کی کارروائی اور شناخت کیلیے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ